ڈارک چاکلیٹ صحت کیلئے کتنی فائدہ مند؟

 متعدد مفید عناصر سے بھرپور چاکلیٹ، بالخصوص ڈارک چاکلیٹ، اپنے اندر ہماری صحت کے لیے بہت سے فوائد رکھتی ہے۔

اگر سستی محسوس ہو رہی ہے تو ڈارک چاکلیٹ میں موجود فائبر آپ کی سستی دور کر سکتے ہیں، بہتر نیند چاہتے ہیں تو میگنیشیئم سے بھرپور ڈارک چاکلیٹ آپ کی مدد کرسکتی ہے۔

تپتی دھوپ میں باہر گھومنا ہوتا ہے تو ڈارک چاکلیٹ میں موجود فلیونول آپ کی جِلد کو الٹرا وائلٹ شعاعوں سے بچنے میں مدد دے سکتے ہیں اور یہ فلیونول خون کی گردش کو بھی بہتر کر سکتے ہیں۔

حال ہی میں کی جانے والی ایک تحقیق میں یہ بات معلوم ہوئی کہ وہ افراد جنہوں نے تین ہفتوں تک ڈارک چاکلیٹ (85 فی صد کاکاؤ پر مشتمل) کھائی ان پر کنٹرول گروپ کی نسبت کم منفی اثرات مرتب ہوئے تھے۔

تاہم، 70 فی صد کاکاؤ پر مشتمل چاکلیٹ کھانے والے افراد پر ویسے اثرات مرتب نہیں ہوئے، جس سے معلوم ہوتا ہے کہ کاکاؤ کی مقدار کوئی کردار ادا کر سکتی ہے، لہٰذا اگر کسی کو اپنا مزاج بہتر کرنا ہے تو وہ دودھ سے بنی چاکلیٹ کھانے کے بجائے ڈارک چاکلیٹ کا انتخاب کرے۔

مزید برآں ڈارک چاکلیٹ اپنے اندر آئرن، میگنیشیئم اور فاسفورس جیسے اہم عناصر رکھتی ہے ، یونیورسٹی آف کولوراڈو میں اسسٹنٹ ریسرچ پروفیسر ڈاکٹر ٹریوس نیمکوف کے مطابق آئرن ہمارے جسم میں ہیموگلوبین بنانے کے لیے انتہائی اہم کردار ادا کرتا ہے،  ہیموگلوبین ریڈ بلڈ سیل میں موجود پروٹین ہوتے ہیں جو پورے جسم میں آکسیجن کی رسائی کے لیے آئرن کو استعمال کرتےہیں۔

ڈارک چاکلیٹ میں موجود فلیونول اینٹی آکسیڈنٹ بھی ہوتے ہیں جو کارڈیو ویسکیولر مرض سے بچنے میں مدد دے سکتے ہیں۔

لیکن ہر چیز کی طرح ڈارک چاکلیٹ کا بھی اعتدال کے ساتھ استعمال ضروری ہے۔ چاکلیٹ حراروں سے بھرپور ہوتی ہے جو وقت کے ساتھ وزن میں اضافے کا سبب بن سکتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں