نگران حکومت گھبرائی نہیں، مہنگائی کو قابو میں لا رہے ہیں: نگران وزیر خزانہ

نگران وزیر خزانہ شمشاد اختر نے کہا ہے کہ نگران حکومت گھبرائی نہیں، تبدیلی آ رہی ہے، بے شمار مسائل کے باوجود معیشت مستحکم ہو رہی ہے، آئی ایم ایف پروگرام میں ہیں، مہنگائی ختم نہیں ہوئی اسے قابو میں لا رہے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر خزانہ شمشاد اختر نے کہا کہ نگران حکومت کو تین ماہ ہوئے ہیں، حکومت کے اقدامات سے حالات میں بہتری آ رہی ہے، معیشت کی بہتری کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ معیشت کی بحالی کوئی آسان کام نہیں ہے، معاشی مسائل کا حل اولین ترجیح ہے، یوکرین، روس جنگ کی وجہ سے دنیا کو مسائل کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نگران حکومت آئی تو معیشت مشکلات کا شکار تھی، ہم نے بحرانوں کے باوجود معیشت کو بحال رکھنے کی کوشش کی ہے، نگران حکومت نے معیشت کی بہتری کے لیے تیزی سے اقدامات کیے، معیشت کی بحالی آسان نہیں ہے، معاشی مسائل کا حل اولین ترجیح ہے۔

شمشاد اختر کا کہنا تھا کہ اس وقت معیشت میں مثبت رجحان آ رہا ہے، صنعتی ترقی کے لیے کام کیا جا رہا ہے، ڈالر نیچے کی طرف جا رہا ہے، روپے میں استحکام آ رہا ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سمگلنگ روک کر بہت اچھا کام کیا، سمگلنگ کو روکنے کے لیے بھرپور توجہ دی جا رہی ہے۔

نگران وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ غیرقانونی ٹرانزیکشن کے خلاف بھی ایکشن ہو رہا ہے، ہم ابھی آئی ایم ایف کے پروگرام میں ہیں، مہنگائی بھی نیچے جا رہی ہے، مہنگائی ختم تو نہیں ہوئی لیکن اسے قابو میں لا رہے ہیں، زراعت کے شعبے پر توجہ دے کر معاشی مسائل سے نکلا جا سکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں