آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ،بھارتی ٹیم نے نیدرلینڈز کو 56 رنز سے ہرا کرسپر 12 رائونڈ میں مسلسل دوسری فتح حاصل کرلی

سڈنی (95نیوز تازہ ترین – اے پی پی۔ 27 اکتوبر2022ء) ویرات کوہلی ،روہت شرما اور سوریہ کماریادیو کی نصف سنچریوں کی بدولت بھارت نے نیدرلینڈز کو آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے گروپ ٹو کے میچ میں56 رنز سے ہرا دیا۔ بھارتی ٹیم سپر 12 رائونڈ میں مسلسل دوسری فتح حاصل کرنے کے بعد گروپ ٹو میں تاحال 4 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پوزیشن پر پہنچ گئی ہے۔ نیدرلینڈز کی ٹیم بھارت کی طرف سے ملنے والا 180رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی۔ ویرات کوہلی نے ناقابل شکست 62،سوریہ کماریادیو نے ناقابل شکست 51 اور کپتان روہت شرما نے 53 رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔سوریہ کماریادیو کو عمدہ بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ بھارتی ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز بلے باز روہت شرما نے جمعرات کو سڈنی کرکٹ گرائونڈ ،سڈنی میں کھیلے گئے میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ۔ اوپننگ بلے باز لوکیش راہول کی وکٹ جلد گرگئی ، وہ 9 انفرادی رنز بناکر پال وین میکرین کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آئوٹ ہوگئے۔ان کے بعد کپتان روہت شرما اور ویرات کوہلی نے ملکر جارحانہ انداز اپناتے ہوئے دوسری وکٹ پر 73 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی۔ روہت شرما اپنی نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد 53 رنز بنانے کے بعد فرڈ کلاسین کی گیند پر ایکرمین کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔ ان کے بعد ویرات کوہلی اور سوریہ کماریادیو نے تیسری وکٹ پر 95ویں قیمتی رنز کی شراکت داری قائم کرتے ہوئے میچ میں اپنی ٹیم کی پوزیشن مضبوط بنادی ،اس دوران دوونوں کھلاڑیوں نے اپنی اپنی نصف سنچری بھی مکمل کرلی۔ ویرات کوہلی ناقابل شکست 62 اور سوریہ کماریادیو ناقابل شکست 51 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ بھارتی ٹیم نے پہلے کھیل کر مقررہ 20 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 179 رنز بناکر نیدرلینڈز کو میچ میں کامیابی کے لئے 180 رنز کا ہدف دیا۔ نیدرلینڈز کے پال وین میکرین اور فرڈ کلاسین نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔جواب میں بھارتی بائولرز کی عمدہ بائولنگ کے باعث نیدرلینڈز کی ٹیم 180 رنز کا مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 123 رنز بناسکی ۔ٹم پرنگل نے 20،کولن ایکرمین نے 17جبکہ باس ڈی لیڈز اور میکس اووڈ نے نے بالترتیب 16،16 رنز بنائے۔شاریز احمد 16 اور پال وین میکرین 14 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔ بھارت کی طرف سے عمدہ بائولنگ کراتے ہوئے اکثر پٹیل، روی چندرن ایشون ،بھنیشوار کمار اور ارشدیپ سنگھ نے دو، دو جبکہ محمد شامی نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔سوریہ کماریادیو کو عمدہ بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں