راولپنڈی پولیس کو چیئرمین پی ٹی آئی، شاہ محمود قریشی سے تفتیش کی اجازت مل گئی

 احتساب عدالت نے راولپنڈی پولیس کو چیئرمین تحریک انصاف اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے تفتیش کرنے کی اجازت دے دی۔

نو مئی واقعات کے حوالے سے راولپنڈی میں درج مقدمات کے معاملے پر راولپنڈی پولیس کے افسر سائفر کیس کی سماعت کرنے والی خصوصی عدالت میں پیش ہوئے۔

راولپنڈی پولیس افسر نے عدالت سے استدعا کی کہ چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو اڈیالہ جیل میں شامل تفتیش کرنا ہے۔

خصوصی عدالت کے جج ابو الحسنات نے استفسار کیا کہ کیا اس سے قبل چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو شامل تفتیش کیا گیا؟، جس پر پولیس افسر نے کہا کہ دونوں کو شامل تفتیش نہیں کیا، شریک ملزمان کے بیانات پر شامل تفتیش کرنا ہے۔

پولیس افسر نے مزید کہا کہ ہمارے پاس راولپنڈی میں 9 مئی کے واقعات سے متعلق ایف آئی اے کی رپورٹ بھی موجود ہے۔

جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کے خلاف درج مقدمات کا جائزہ لیا اور کہا کہ قانون کے مطابق صرف تفتیش کرنے کیلئے اجازت دے رہا ہوں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں