جامعات جاب مارکیٹ کے رجحان کے مطابق تعلیم کو ترجیح دیں: کامران ٹیسوری

 گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ جامعات میں جاب مارکیٹ کے رجحان کے مطابق تعلیم کو ترجیح دی جائے۔

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کے زیرصدارت صوبہ کی سرکاری جامعات کے وائس چانسلرز کا اجلاس ہوا، جس میں نصاب تعلیم میں بہتری، مارکیٹ کی ضرورت کے مطابق کورسز کے اجراء، طالب علموں کی بہترتربیت پر بات چیت ہوئی، جامعات کے مسائل، ہائرایجوکیشن کمیشن آف پاکستان کے کردار اور دیگر متعلقہ امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ جامعات کا مقصد صرف گریجویٹس پیدا کرنا نہیں ہونا چاہئے، ان سے ایسے ماہر پروفیشنلز سامنے آناچاہئیں جنہیں فوری روزگارحاصل ہو، جامعات کا دیگر شہروں میں کیمپس قائم کرنا خوش آئند ہے، اس سے مقامی طالب علموں کو بہتر تعلیم کےمواقع حاصل ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جامعات کو مثالی تعلیمی ادارہ ہونا چاہئے، جہاں طالب علموں کی تربیت کی جائے، جامعات کے جو مسائل ہیں اس کی تجاویز بنا کر لائیں اس کے حل کی پوری کوشش کروں گا۔

گورنر سندھ نے کہا کہ جامعات میں بجلی کیلئے سولر پینلز لگائیں، اس ضمن میں متعلقہ کمپنیوں سے آپ کا رابطہ کراؤں گا، اساتذہ کی تربیت کیلئے ورکشاپ شروع کریں، اس کی تجاویز دیں، غیرملکی ماہرین سے مدد لیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں