وفاقی حکومت 8500 روپے فی من کے حساب سے کپاس خریدنا شروع کرے: عامر میر

نگران وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر، صوبائی وزیر صنعت و زراعت ایس ایم تنویر نے کہا کہ وفاقی حکومت اپنے وعدے پر قائم رہتے ہوئے 8500 روپے فی من کے حساب سے کپاس خریدنا شروع کردے۔

صوبائی وزرا عامر میر اور ایس ایم تنویر نے نیوزکانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کپاس کی پیداوار کو بڑھانے کے لیے اقدامات کیے گئے تھے، رواں سال پنجاب میں کپاس کی پیداوار دگنی متوقع ہے، وفاق کی جانب سے مقرر کردہ قیمت پر کپاس نہ خریدنے کی شکایات مل رہی ہیں، وفاقی حکومت کا نوٹیفکیشن ہمارے پاس موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ رواں سال ملک میں 45 لاکھ ایکڑ رقبے پر کپاس کی فصل کاشت کی گئی، کپاس کی ریکارڈ پیداوار کے حصول کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گئے، سوا لاکھ ایکڑ پر سپرے کرایا اور کسانوں سے ایک روپیہ چارج نہیں کیا۔

عامر میر اور ایس ایم تنویر نے کہا کہ افسوس کی بات ہے جولائی سے وفاق سے مسلسل رابطہ کر رہے ہیں، وفاق اس ایشو کو سیریس نہیں لے رہا، نگران وزیراعظم خدا کے واسطے کپاس کی قیمت گر گئی ہے اور کسان پریشان ہے، اگر آج نگران وزیراعظم کسان کا تحفظ نہیں کریں گے تو اگلے سال وہ کپاس نہیں اگائے گا۔

صوبائی وزرا کا کہنا تھا کہ وفاق نے 8500 روپے فی من قیمت پر کپاس لینے کا وعدہ کیا تھا، نگران وزیراعظم ٹی سی پی سےانگیج کریں، پنجاب حکومت کے پاس کپاس خریدنے کے لیے رقم نہیں ہے، اسی لیے تو وزیراعظم سے درخواست کر رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں