بلوچستان میں آئی ٹی انڈسٹریز کے فروغ کیلئے کام جاری ہے، نگران وزیراعلیٰ

نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں آئی ٹی انڈسٹریز کے فروغ کیلئے کام جاری ہے۔

صوبائی محکمہ سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی، انٹرنیشنل آئی ٹی اینڈ ڈیجیٹل کنسلٹنٹ اور انٹرنیشنل بینکنگ اینڈ فنانشل کنسلٹنٹ کی جانب سے نگران وزیر اعلیٰ میر علی مردان خان ڈومکی کو بلوچستان ڈیجیٹل روڑ میپ 2030 ء سے متعلق اعلیٰ سطحی بریفنگ دی گئی اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت وسیع المدتی آئی ٹی منصوبوں کے مواقعوں سے متعلق آگاہ کیا گیا۔

نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ بلوچستان میں آئی ٹی انڈسٹریز کے فروغ کے لئے جامع حکمت عملی کی تشکیل پر کام جاری ہے، بلوچستان میں صحت اور تعلیم کے شعبوں میں رئیل ٹائم سسٹم مینجمنٹ کے نفاذ خاطر خواہ نتائج کا حامل ثابت ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان حوصلہ افزا نتائج کی روشنی میں رئیل ٹائم سسٹم مینجمنٹ کا دائرہ کار دیگر محکموں تک بڑھانے کی ضرورت ہے، آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ بلوچستان اور کنسلٹنٹ صوبہ میں آئی ٹی کے فروغ کے لئے مجوزہ منصوبوں پر مشاورت کرکے آئندہ مشترکہ اجلاس میں جامع ورکنگ پیپر پیش کریں۔

میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ نجی شعبے کی معاونت سے صوبائی سطح پر ڈیٹا بینک کے قیام اور صوبائی حکومت کی اونرشپ کے لئے حتمی فیصلہ کابینہ کے اجلاس میں باہمی مشاورت سے لیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ آئی ٹی کمپنیز کو سوفٹ ویئر کی تشکیل اور ڈیٹا سینٹرز کے قیام کے لیے ہر ممکن معاونت فراہم کریں گے اور جہاں ضرورت پیش آئی رائج الوقت رولز میں بہتری لائی جائے گی، ڈیٹا بیس کے قیام سے بجٹ کی تشکیل سمیت مفاد عامہ سے متعلق بہتر منصوبہ بندی ممکن ہوسکے گی، اس کے علاوہ ایجوکیشن ایکو سسٹم کی تشکیل سے تعلیمی نظام میں نمایاں بہتری آئے گی۔

نگران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سٹوڈنٹ لائف سائیکل جیسے سوفٹ ویئر سے ایک طالب علم کا کلاس اول سے لیکر اس کے برسر روزگار آنے تک کا ڈیٹا موجود ہوگا، ایسے دیگر کئی مفید سافٹ ویئر مختلف شعبوں کا ڈیٹا اکٹھا کرنے اور ان کی تصدیق اور موازنہ کرنے میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان میں سرکاری محصولات کی وصولی کے لئے بی پے کے مجوزہ منصوبے کی تجویز کا تمام پہلوؤں سے جائزہ لیں گے اور عوامی سہولیات کے لیے ہر ایسے اقدام کو عملی جامہ پہنائیں گے جس سے ایک ہی چھت تلے عوام کو سرکاری امور میں آسانی اور معاونت حاصل رہے۔

میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ آئی ٹی کی جدید سہولیات کو بروئے کار لاکر گورننس میں بہتری اور سروس ڈلیوری کے عمل کو سہل بنایا جاسکتا ہے۔

اس موقع پر سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی بلوچستان ایاز خان مندوخیل ، ڈی جی آئی ٹی ملک شہزاد اعوان ، انٹر نیشنل آئی ٹی اینڈ ڈیجیٹل کنسلٹنٹ نوید خالد لطیف ، انٹر نیشنل بینکنگ اینڈ فنانشل کنسلٹنٹ حسن علی آغا نے بلوچستان میں آئی ٹی کی موجودہ صورتحال اور مستقبل کے منصوبوں اور حکمت عملی پر تفصیلی بریفنگ دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں