ریلی شوق سے نہیں اسرائیلی مظالم کیخلاف آواز اٹھانے کیلئے نکال رہے ہیں: خالد مقبول

 ایم کیوایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالدمقبول صدیقی نے کہا کہ ہم ریلی شوق سے نہیں اسرائیلی مظالم کیخلاف آواز اٹھانے کیلئے نکال رہے ہیں۔

ایم کیوایم پاکستان کے کنوینرڈاکٹر خالدمقبول صدیقی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم کی ریلی امت کے لئے ہے، یہ ہم اپنے حصے کا کام کر رہے ہیں، یہ سٹیج بنایا اور سجایا ایم کیو ایم نے ہے لیکن یہ امت کے لئے ہے، اس معاملے پر سیاسی جماعتوں کو اپنی سیاست کو امت کی خاطر ترک کر دینا چاہئے۔

خالدمقبول صدیقی نے کہا کہ کراچی ملت اسلامیہ کا سب سے بڑا شہر ہے، فلسطینی مسلمانوں سے یکجہتی کے لئے ہم ریلی نکالیں گے، کراچی میں بسنے والے تمام لوگوں کو بلاتفریق اس ریلی میں شرکت کی دعوت دیتا ہوں، ریلی میں موجود ہونا ایک حوصلے کے نئے باب کا اضافہ ہوگا۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہم نے مختلف سیاسی ومذہبی جماعتوں کوریلی میں شرکت کی دعوت دی ہے، ہم سیاسی مقاصد کے لئے یہ کام نہیں کر رہے، تمام لوگوں سے گزارش ہے انسانی اور دینی فرض سمجھتے ہوئے اس ریلی میں شرکت کریں، صوبے کی نگران حکومت کو نگرانی بھی کرنی ہے، تمام وزراء اور وزیراعلیٰ سندھ کو بھی اس ریلی میں شرکت کرنی چاہئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں