موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے بچنے کیلئے ٹھوس اقدامات ضروری ہیں: وزیر اعظم

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا، وزیر اعظم نے اسلام آباد میں نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کا افتتاح کر دیا۔

تقریب سے خطاب میں نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے قیام کی تعریف کی، انہوں نے قدرتی آفات سے بچنے والے انفراسٹرکچر اور پالیسی فریم ورک کی اہمیت پر زور دیا۔

نگران وزیر اعظم نے کہا کہ این ای او سی قدرتی آفات سے نمٹنے اور خطرے اور نقصانات کو کم کرنے میں مدد دے گی، پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہونے والے سرفہرست ممالک میں سے ایک ہے۔

انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی ایک حقیقی چیلنج ہے جو ہماری آنے والی نسلوں کو پریشان کرتی رہے گی، ہمیں موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے بچنے کے لئے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے۔

نگران وزیر اعظم نے 2022ء کے تباہ کن سیلاب کے دوران تمام ریاستی اداروں خصوصاً این ڈی ایم اے کی مربوط کوششوں کی بھی تعریف کی۔

انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ ایک ایسے پلیٹ فارم کی ضرورت محسوس کی جا رہی ہے جو آفات کی نگرانی کر سکے، یہ نظام قدرتی آفات اور موسمیاتی تغیر میں مدد فراہم کرے گا۔

اس سے قبل چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے وزیراعظم کو بریفنگ دی، تقریب میں قومی اور بین الاقوامی معززین نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں