نواز شریف انتقام لینے نہیں ملکی ترقی کیلئے آ رہا، عوام تاریخی استقبال کریں: شہباز شریف

 مسلم لیگ ن کے صدر و سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ نواز شریف انتقام لینے نہیں ملک کی ترقی کے لیے آ رہا ہے، نواز شریف ملک کو دوبارہ خوشحال کرنے آ رہا ہے، عوام تاریخی استقبال کریں۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم شہبازشریف نے کہا کہ نواز شریف نے ملک سے اندھیرے ختم کیے، ملک کو لوڈشیڈنگ سے نجات دلائی، نواز شریف نے 5 ارب ڈالر کی آفر ٹھکرا کر ایٹمی دھماکے کیے۔

شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف دور میں چینی 52 روپے کلو اور مہنگائی نام کی کوئی چیزنہیں تھی، نوازشریف کا جرم تھا کہ اس نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا۔

انہوں نے کہا کہ 2018ء کےالیکشن میں تاریخی دھاندلی ہوئی، ملک کے عوام کو تعلیم،علاج سے محروم کر دیا گیا، نوازشریف واپس آرہا ہے، ترقی کا سفر جہاں روکا گیا وہیں سے شروع ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں: احتساب عدالت نے 2 سابق وزراء اعظم کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا

شہباز شریف نے عوام سے کہا کہ وعدہ کریں 21 اکتوبر کو نواز شریف کا تاریخ کا سب سے بڑا استقبال کرنا ہے، نواز شریف بھارت سے پاکستان کو آگے لے جانے کے لیے واپس آ رہا ہے۔

صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ جن کرداروں نے نواز شریف کے خلاف ظلم و زیادتی کی اچھی طرح علم ہے، فیصلہ کرنا ہے کہ انتقام لینا ہے یا عوام کی خدمت کرنی ہے، نواز شریف انتقام لینے نہیں ملک کی ترقی کیلئے آ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو اقتدار سے ہٹا کر ملکی ترقی کو روکا گیا، نواز شریف کے ساتھ جان لڑاؤں گا اور دن رات کام کریں گے۔
 

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں