پنجاب میں آشوب چشم کے مریضوں کی تعداد 3 لاکھ سے تجاوز کرگئی

 لاہور سمیت پنجاب کے 36 اضلاع میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران آشوب چشم کے 10 ہزار 269 نئے مریض رپورٹ ہوئے جس کے بعد اب تک آشوب چشم کے مریضوں کی تعداد تین لاکھ 94 ہزار سات سو 95 ہوگئی ہے ۔

محکمہ صحت کے مطابق لاہور میں 24گھنٹوں کے دوران آشوب چشم کے 452 نئے مریض سامنے آئے جس کے بعد اب تک لاہور میں آشوب چشم کے مریضوں کی تعداد 23,397 ہو گئی ہے۔

آشوب چشم کے سب سے زیادہ مریض بہاولپور میں 77,638 رپورٹ ہوئے ، جہاں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 1540 نئے مریض سامنے آئے ہیں ۔

ملتان میں آشوب چشم کے 1048 نئے مریض سامنے آئے، مجموعی طور پر 16,351 مریض رپورٹ ہوئے، اسی طرح فیصل آباد میں آشوب چشم کے 1132 نئے مریض سامنے آئے جس کے بعد ضلع میں مریضوں کی کل تعداد 30,971 تک پہنچ گئی ۔

راولپنڈی میں آشوب چشم کے 175 نئے مریض سامنے آنے کے بعد کل 9119 مریض رپورٹ ہوئے ہیں ۔

وزیر پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصرکا کہنا ہے آشوب چشم کے مریض علاج اور رہنمائی کے لئے ہیلپ لائن 1033 پر رابطہ کریں، صوبے بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں آئی سرجنز کو 24 گھنٹے الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی گئی ہے جبکہ تمام ہسپتالوں میں آئی ڈراپس وافر مقدار میں مہیا کر دیے گئے ہیں۔

ان کاکہنا تھا کہ آشوب چشم خطرناک نہیں اور نہ ہی اس سے بینائی متاثر ہونے کا خدشہ ہے، آشوب چشم کا مرض 8 سے 10 دن میں خود بخود ٹھیک ہو جاتا ہے۔

ڈاکٹر جمال ناصر نے مزید کہا شہری انکھوں کی صفائی کا خیال رکھیں،تیز دھوپ ، دھوئیں اور گرد و غبار سے آنکھوں کو بچائیں ، اشوب چشم میں مبتلا شخص کے کپڑے اور تولیے وغیرہ علیحدہ رکھیں۔

واضح رہے کہ آشوبِ چشم کی وباء کے سبب پنجاب بھر کے سکول پیر تک بند رہیں گے۔

دو روز قبل محکمۂ سکولز ایجوکیشن پنجاب نے جمعرات اور ہفتے کو سکول بند رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔
 

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں