مستونگ خودکش دھماکے میں شہدا کی تعداد 59 ہوگئی

بلوچستان کے ضلع مستونگ میں گزشتہ روز ہونے والے خودکش حملے میں شہید ہونے والے افراد کی تعداد 59 ہوگئی ہے۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر مستونگ کے مطابق 52 اموات نواب غوث بخش میموریل ہسپتال میں ریکارڈ کی گئیں، 6 اموات سول ہسپتال میں جبکہ ایک جاں بحق شخص کی لاش بی ایم سی کمپلیکس میں موجود ہے۔

اس حوالے سے ترجمان سول ہسپتال کا کہنا ہے کہ مستونگ خودکش حملے میں زخمیوں کی مجموعی تعداد 66 ہے جن میں سے 52 کو سول ہسپتال کوئٹہ لایا گیا تھا، 25 زخمی اب بھی شہر کے مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

ترجمان محکمہ صحت سندھ کا صورت حال پر کہنا ہے کہ مستونگ میں دھماکے کے بعد بلوچستان حکومت کےساتھ رابطے میں ہیں، بلوچستان حکومت کی جانب سے زخمیوں کو کراچی لانے سے متعلق فی الوقت کوئی اطلاعات نہیں ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اطلاعات موصول ہونے پر تمام ہسپتالوں کا الرٹ جاری کردیا جائے گا، جناح ہسپتال میں تمام تر ایمرجنسی کے انتظامات پہلے سے مکمل کیے جا چکے ہیں۔

خودکش حملے کا مقدمہ درج
خودکش حملے کا مقدمہ نامعلوم حملہ آوروں کے خلاف کوئٹہ کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی ) تھانے میں درج کیا گیا ہے، مقدمہ قتل، اقدام قتل، دہشت گردی اور ایکسپلوسیو ایکٹ کے تحت درج کیا گیا ہے۔

حکومت بلوچستان کا 3 روزہ سوگ کا اعلان
صوبائی حکومت نے مستونگ خودکش حملے پر 3 روزہ سوگ کا اعلان کر دیا، ایام سوگ پر بلوچستان اسمبلی، وزیر اعلیٰ ہاؤس، گورنر ہاؤس، بلوچستان ہائیکورٹ سمیت تمام سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رہیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں