بھارت پہنچنے پر شاندار استقبال، پاکستانی کھلاڑی بھارتی انتظامات کے گن گانے لگے

 انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کرکٹ ورلڈ کپ میں شرکت کیلئے بھارت پہنچنے کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں نے بھارتی فینز کی جانب سے دئیے جانے والے استقبال سے متعلق دلچسپ پیغامات جاری کردئیے۔

کپتان بابر اعظم بھی بھارت پہنچنے پر متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکے، سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ حیدر آباد میں ملنے والی محبت اور سپورٹ سے حد سے زیادہ متاثر ہوا ہوں۔

محمد رضوان اور شاہین آفریدی بھی بھارت میں چند گھنٹوں کی میزبانی سے پرجوش ہیں۔

پاکستان کے سٹار باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے بھارتی شہر حیدرآباد دکن پہنچنے پر اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر سٹوری پر حیدرآباد بھارت کی پن لوکیشن ڈالتے ہوئے لکھا کہ اب تک بہت ہی شاندار استقبال کیا گیا ہے۔

پاکستانی کرکٹر محمد رضوان نے اپنے فینز کیلئے جاری پیغام میں لکھا کہ یہاں کے لوگوں کی جانب سے حیرت انگیز استقبال کیا گیا ہے، ہر چیز بہت ہی شائستہ تھی، اب اگلے ڈیڑھ ماہ پر نظریں ہیں۔

پاکستانی بیٹر امام الحق نے اپنے پیغام میں لکھا کہ الحمد اللہ، خیریت سے بھارت میں لینڈ کر لیا ہے، انہوں نے اپنے پرستاروں سے دعا کی درخواست کرتے ہوئے مزید لکھا کہ ہمیں اپنی دعاؤں میں یاد رکھیے گا۔

قومی کھلاڑی افتخار احمد نے بھی اپنے ایکس اکاؤنٹ سے کرکٹ ورلڈ کپ 2023 اور انڈیا کے ہیش ٹیگ کے ساتھ وکٹری کا نشان بناکر ایک مختصر ویڈیو شیئر کی جس میں وہ خود بھی راجیو گاندھی انٹرنیشنل ائیر پورٹ سے باہر جاتے ہوئے وکٹری کا نشان بناتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔

یاد رہے کہ بھارت میں کھیلے جانے والے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) مینز ورلڈ کپ میں شرکت کیلئے پاکستانی سکواڈ دبئی کے راستے بھارتی شہر حیدرآباد دکن پہنچ گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں