توہین آمیز مواد کی اشاعت کا کیس: نگران وزیراعظم، وزیراعلیٰ پنجاب عدالت طلب

لاہور ہائیکورٹ نے سوشل میڈیا پر توہین آمیز مواد کی اشاعت کے کیس میں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اور نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کو 16 اکتوبر کو پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

لاہور ہائی کورٹ میں سوشل میڈیا پر توہین آمیز مواد کی اشاعت سے متعلق کیس کی سماعت جسٹس شجاعت علی خان نے کی۔

عدالت نے نگران وزیراعظم کو 16 اکتوبر کو پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے نگران وزیراعلیٰ پنجاب کو بھی آئندہ سماعت پر طلب کر لیا۔

عدالت نے ریمارکس دئیے کہ 8 ماہ سے وفاقی حکومت کی رپورٹ نہیں آئی۔

وفاق کے وکیل نے کہا کہ ’ہم رپورٹس جمع کروا دیتے ہیں‘ عدالت نے ریمارکس دئیے کہ آپ یہاں سیر کرنے آئے ہیں، کیوں رپورٹ جمع نہیں ہوئی ؟ یہ کیس نہ آپ کا ہے نہ عدالت کا یہ ہم سب کا ہے۔

جسٹس شجاعت علی خان نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم پھر ملک کے چیف ایگزیکٹو کو بلا لیتے ہیں، نگران وزیراعظم آ کر خود جواب دے دیں، لگتا ہے نگران وزیراعظم کے سامنے معاملہ رکھا ہی نہیں گیا۔

وفاق کے وکیل کی جانب سے مزید مہلت کی استدعا پر عدالت نے ریمارکس دئیے کہ آپ سنجیدہ ہوتے تو ہمیں کوئی رپورٹ لازمی جمع کرواتے، نگران وزیراعظم پیش ہو کر اپنی پوزیشن واضح کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں