الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست شائع کر دی

 الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست شائع کردی۔

الیکشن کمیشن نے ابتدائی حلقہ بندیوں کی رپورٹ بمعہ فہرست فارم 5 عوام کی آگاہی کے لئے شائع کی، فہرست الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر بھی موجود ہے، مزید ابتدائی حلقہ بندیوں کے نقشہ جات بھی ویب سائٹ پر موجود ہیں، ابتدائی حلقہ بندیوں کی اشاعت 30 دن 26 اکتوبر تک جاری رہے گی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ابتدائی حلقہ بندیوں پر جمعرات سے اعتراضات دائر کئے جاسکیں گے، ابتدائی حلقہ بندیوں پر اعتراضات متعلقہ حلقہ کا ووٹر کر سکتا ہے، یہ درخواست سیکرٹری الیکشن کمیشن کے نام ہوگی، درخواست 27 اکتوبر تک الیکشن کمیشن میں جمع کروائی جاسکتی ہے، مؤقف سننے کے بعد 26 نومبر 2023ء تک ان اعتراضات پر فیصلے کئے جائیں گے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ملک بھر میں قومی اسمبلی کا حلقہ اوسطاً سوا 9 لاکھ ووٹرز پرمشتمل ہے، وفاقی دار الحکومت میں قومی اسمبلی کا حلقہ اوسطاً 7 لاکھ 87 ہزارسے زائد ووٹرز پر مشتمل ہے، خیبر پختوانخوا میں صوبائی اسمبلی کا حلقہ اوسطاً ساڑھے3 لاکھ ووٹرز پر مشتمل ہے۔

الیکشن کمیشن نے مزید بتایا پنجاب اسمبلی کا حلقہ اوسطاً4لاکھ 30ہزار ووٹرز پر مشتمل ہے، سندھ کا صوبائی حلقہ اوسطاً4 لاکھ 30 ہزار ووٹرز پر مشتمل ہے، بلوچستان صوبائی اسمبلی کا حلقہ اوسطاً 2 لاکھ 92 ہزارووٹرز پر مشتمل ہے۔
 

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں