سائفر کیس: درخواست ضمانت کی سماعت ان کیمرا ہو گی یا نہیں؟ فیصلہ محفوظ

 اسلام آباد ہائی کورٹ نے سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت پر سماعت ان کیمرہ کرنے یا نہ کرنے پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت پر اسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی، ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے درخواست پر سماعت کی۔

چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے بیرسٹر سلمان صفدر اور سائفر کیس میں پراسیکیوٹر شاہ خاور ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ 2 وکلا روسٹرم پر رکیں، یہ جیل سہولیات والا کیس نہیں ہے، پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت ٹرائل ہو رہا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر نے مؤقف پیش کیا انکار نہیں کہ ٹرائل آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت ہورہا ہے، پراسیکیوٹر نے مؤقف اختیار کیا کہ اس کیس کے جیل ٹرائل کی وجہ سکیورٹی خدشات بتائے گئے ہیں۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ریکارڈ دیکھ لیں پھر طے کریں کہ کیس کس طرح لے کر چلنا ہے، بعدازاں عدالت نے درخواست ضمانت کی سماعت ان کیمرا ہو گی یا نہیں؟ فیصلہ محفوظ کر لیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں