نگران وزیر صحت سے سعودی سفیر کی ملاقات، میڈیکل ٹورازم کو فروغ دینے پر اتفاق

نگران وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان سے سعودی عرب کے سفیر نے ملاقات کی، ملاقات کے دوران میڈیکل ٹورازم کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔

ڈاکٹر ندیم جان کو سعودی سفیر نے وزارت صحت کا قلمدان سنبھالنے پر مبارکباد دی، سعودی سفیر نے کہا گلوبل ہیلتھ ایکسپرٹ کی تعیناتی اچھا شگون ہے، آپ کی کامیابی کیلئے دعا گو ہوں، ملاقات میں صحت کے شعبے سمیت دوطرفہ تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ڈاکٹر ندیم جان نے کہا سعودی عرب کی پاکستان سے جذباتی وابستگی اور والہانہ محبت ہے جس کو ہم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی اور مذہبی برادرانہ تعلقات ہیں، مشکل کی ہر گھڑی میں سعودی عرب نے پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔

نگران وفاقی وزیر صحت نے کہا دونوں ممالک کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں، وزیر صحت نے نگران وزیراعظم کے ویژن کے مطابق ہیلتھ شعبے کی ترقی کیلئے اپنے مربوط ایجنڈے کے بارے میں بتایا، انہوں نے کہا پاکستان دنیا کا پہلا ملک ہے جو گلوبل ہیلتھ سکیورٹی سمٹ کا انعقاد کروا رہا ہے۔

ڈاکٹر ندیم جان نے کہا فارما انڈسٹری کی ایکسپورٹ کو بڑھانے کیلئے مربوط حکمت عملی تشکیل دی ہے، فارما انڈسٹری کی صلاحیت کو بڑھانے کیلئے مؤثر اقدامات کئے جارہے ہیں، ملاقات کے دوران میڈیکل ٹورازم کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔

نگران وزیر صحت نے کہا اس شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات ہیں، ایس آئی ایف سی سی ایک اچھا اقدام ہے، اس اقدام سے دونوں ممالک میں سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا، پاکستان کے میڈیکل شعبے سے سعودی عرب استفادہ حاصل کرے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں