جنوبی افریقا کیخلاف وائٹ بال سیریز، پاکستان ویمن ٹیم کے سکواڈ کا اعلان

 پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر سلیم جعفر نے 15 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے جو آئندہ ماہ جنوبی افریقا کے خلاف وائٹ بال سیریز میں حصہ لے گا۔

جنوبی افریقا کی خواتین کرکٹ ٹیم پہلی مرتبہ پاکستان کے دورے پر آرہی ہے اور اس کے خلاف سیریز کے تمام میچز یکم سے 14 ستمبر تک نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے جائیں گے۔

جنوبی افریقا کے خلاف اس دو طرفہ سیریز میں تین ٹی 20 انٹرنیشنل اور تین ون ڈے انٹرنیشنل میچ ہوں گے، ون ڈے میچز آئی سی سی ویمنز چیمپیئن شپ 25-2023 کا حصہ ہوں گے، تین ٹی 20 انٹرنیشنل میچز یکم سے 5 ستمبر تک ہوں گے جبکہ ون ڈے سیریز 8 سے 14 ستمبر تک کھیلی جائے گی۔

18 سالہ شوال ذوالفقار کو ٹی 20 سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے وہ آئندہ ماہ ہونے والے ایشین گیمز کے لیے پہلے ہی سلیکٹ ہوچکی ہیں۔

دائیں ہاتھ کی فاسٹ باؤلر ڈیانا بیگ کی ٹیم میں 6 ماہ کے بعد واپسی ہوئی ہے وہ انگلی کی تکلیف سے مکمل طور پر صحت یاب ہوچکی ہیں، ان کی انگلی رواں سال آسٹریلیا کے خلاف آخری ون ڈے انٹرنیشنل میں زخمی ہوئی تھی۔

لیگ سپنر سیدہ عروب شاہ کی 3 سال بعد ٹی 20 ٹیم میں واپسی ہوئی ہے، وہ آخری مرتبہ 2020 کے ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ میں کھیلی تھیں، اسی طرح آل راؤنڈر نتالیہ پرویز کی 2018 کے بعد ٹی 20 سکواڈ میں واپسی ہوئی ہے، وہ ون ڈے سکواڈ میں ریزرو کھلاڑی کے طور پر بھی شامل ہیں، وکٹ کیپر نجیہہ علوی بھی 15 رکنی ٹی 20 سکواڈ کا حصہ ہیں۔

ایمن امین، جویریہ خان، عائشہ نسیم (انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرڈ)، سدرہ نواز اور طوبیٰ حسن جو ٹی 20 ورلڈ کپ میں کھیلی تھیں اب ٹیم کا حصہ نہیں ہیں۔

عمیمہ سہیل کو ٹی 20 سیریز کے لیے ریزرو میں رکھا گیا ہے جبکہ ون ڈے سکواڈ میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں، ام ہانی اور وحیدہ اختر کا سلیکشن عائشہ نسیم اور کائنات امتیاز کی جگہ عمل میں آیا ہے جو اس سال آسٹریلیا کے دورے میں شامل تھیں۔

پاکستانی ٹیم کی قیادت تجربہ کار آل راؤنڈر ندا ڈار کریں گی جنہوں نے بسمہ معروف کی جگہ یہ ذمہ داری سنبھالی ہے، بسمہ معروف نے فروری میں ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کے بعد قیادت سے الگ ہونے کا فیصلہ کر لیا تھا۔

پاکستانی خواتین کرکٹ ٹیم کا انتخاب چیف سلیکٹر سلیم جعفر کی سربراہی میں قائم سلیکشن کمیٹی اور کپتان ندا ڈار کے باہمی صلاح مشورے کے بعد عمل میں آیا ہے۔

چیف سلیکٹر سلیم جعفر کا کہنا ہے کہ کافی غور و خوص کے بعد ہم نے فیصلہ کیا کہ سیدہ عروب شاہ اور نتالیہ پرویز کو ٹی 20 فارمیٹ میں واپس لایا جائے کیونکہ ان کی حالیہ پرفارمنس اور فٹنس میں بہتری اچھی رہی ہے اور ہمیں امید ہے کہ یہ ٹیم کے لیے کارآمد ثابت ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ ام ہانی کا ون ڈے اور ٹی 20 میں سلیکشن ان کی غیرمعمولی آف سپن صلاحیتوں کی وجہ سے ہوا ہے اور ہمیں امید ہے کہ وہ باؤلنگ اٹیک میں اہم کردار ادا کریں گی۔

سلیم جعفر کا کہنا ہے کہ فاسٹ باؤلنگ کو مضبوط کرنے کے لیے ون ڈے سکواڈ میں وحیدہ اختر کو شامل کیا گیا ہے جہاں پہلے ہی تجربہ کار ڈیانا بیگ اور فاطمہ ثناء موجود ہیں۔

ٹی 20 سکواڈ
ٹی 20 سکواڈ میں ندا ڈار ( کپتان)، عالیہ ریاض، بسمہ معروف، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثنا، منیبہ علی، نجیہہ علوی (وکٹ کیپر)، نشرہ سندھو، نتالیہ پرویز، صدف شمس، سعدیہ اقبال، شوال ذوالفقار، سدرہ امین، سیدہ عروب شاہ اور ام ہانی شامل ہیں۔

ریزرو کھلاڑیوں میں انوشے ناصر، عمیمہ سہیل اور وحیدہ اختر شامل ہیں۔

ون ڈے سکواڈ
ندا ڈار ( کپتان )، عالیہ ریاض، بسمہ معروف، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثناء، غلام فاطمہ، منیبہ علی، نشرہ سندھو، عمیمہ سہیل، صدف شمس، سعدیہ اقبال، سدرہ امین، سدرہ نواز، ام ہانی اور وحیدہ اختر ون ڈے ٹیم کا حصہ ہیں۔

ریزرو کھلاڑیوں میں نجیہہ علوی، نتالیہ پرویز اور طوبیٰ حسن شامل ہیں۔

پاکستانی خواتین ٹیم کی ٹیم منیجمنٹ اور اس کے ٹریننگ کیمپ کا اعلان مناسب وقت پر کیا جائے گا، پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم اسوقت آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ رینکنگ میں چوتھے نمبر پر ہے اور یہ پاکستان کی اس چیمپئن شپ میں تیسری ہوم سیریز ہوگی، اس سے قبل اس نے کراچی میں سری لنکا کو دو ایک سے اور لاہور میں آئرلینڈ کو تین صفر سے ہرایا تھا۔

جنوبی افریقا کی ٹیم 27 اگست کو پاکستان پہنچے گی، وہ اسوقت آئی سی سی کی ویمنز چیمپئن شپ رینکنگ میں نویں نمبر پر ہے، وہ ابتک آئرلینڈ کے خلاف ایک سیریز پچھلے سال جون میں کھیل چکی ہے جو اس نے تین صفر سے جیتی تھی۔

میچز شیڈول
پہلا ٹی 20 میچ یکم ستمبر، دوسرا 3 اور تیسرا 5 ستمبر کو کھیلا جائے گا جبکہ پہلا ون ڈے 8 ستمبر، دوسرا 11 اور تیسرا 14 ستمبر کو کھیلا جائے گا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں