دوسرا ٹیسٹ: لنکن ٹائیگرز 166 پر ڈھیر، شاہینز نے 2 وکٹوں پر 145 رنز بنا لیے

 سری لنکا اور پاکستان کے درمیان سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ کا پہلا روز ختم ہوگیا، سری لنکا کی مکمل ٹیم پہلی اننگز میں 166 رنز پر ڈھیر پاکستان نے پہلی اننگز میں 2 کھلاڑیوں کے نقصان پر 145 رنز بنا لیے۔

پاکستان کی جانب سے پہلی اننگز کا آغاز زیادہ متاثر کن ثابت نہ ہوسکا اور 13 کے مجموعی اسکور پر قومی ٹیم کی پہلی وکٹ گر گئی، اوپنر امام الحق 6 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، تاہم اوپنر عبداللہ شفیق اور شان مسعود دونوں نے نصف سنچریاں مکمل کیں، شان مسعود 51 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کو سری لنکا کی پہلی اننگز کی برتری ختم کرنے کے لئے مزید 21 رنز درکار ہیں، عبداللہ شفیق 74 اور بابر اعظم 8 رنز کیساتھ کریز پر موجود ہیں۔

قبل ازیں سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سری لنکا کی پوری ٹیم 166 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی، پاکستان کی جانب سے سپنر ابرار احمد نے 4 اور فاسٹ باؤلر نسیم شاہ نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

نسیم شاہ نے انجیلو میتھیوز، کپتان دیموتھ کرونارتنے اور دنیش چندیمل کو آؤٹ کیا، ابرار احمد نے بیٹر سدیرا، دھننجیا ڈی سلوا، اسیتھا فرنینڈو اور رمیش مینڈس کو پویلین لوٹایا۔

لنکن اوپنر نشان مدوشکا اور پربھات جے سوریا کو شان مسعود نے زبردست رن آؤٹ کیا، جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے کوشال مینڈس کی وکٹ لی۔

سیریز کا فائنل میچ کولمبو میں کھیلا جارہا ہے جس کا ٹاس بارش کے سبب تاخیر سے ہوا، سری لنکا کے کپتان نے ٹاس جیت کر پاکستان کے خلاف بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

اس موقع پر قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ٹیم میں کسی قسم کی کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور وہ ہی کھلاڑی کھیلیں گے جو پہلے ٹیسٹ میچ میں کھیلے تھے۔

سری لنکن کپتان دیموتھ کرونارتنے کے مطابق ان کی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں، واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے گال میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا کو چار وکٹوں سے شکست دی تھی۔ 

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں