سعود شکیل کی ڈبل سنچری نے بیٹنگ لائن کی لاج رکھ لی، پاکستان نے 461 رنز بنا لیے

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان گال میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میں سعود شکیل کی ڈبل سنچری کی بدولت قومی ٹیم نے سری لنکا پر 149 رنز کی برتری حاصل کر لی۔

گال میں میچ بارش کے باعث تاخیر سے شروع ہوا، پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 10 وکٹوں کے نقصان پر 461 رنز بنا لیے ہیں اور قومی ٹیم کو سری لنکا پر 149 رنز کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔

گال ٹیسٹ کے تیسرے روز دن کے آغاز پر سعود شکیل نے سنچری مکمل کی جبکہ آغا سلمان 83 رنز بنا کر ان کا ساتھ چھوڑ گئے، سعود شکیل 361 گیندوں پر 208 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، نسیم شاہ 78 بالز پر 6 رنز جبکہ ابرار احمد 12 بالز پر 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

سری لنکا کیخلاف سعود شکیل نے ٹیسٹ کیریئر کی پہلی ڈبل سنچری سکور کی جس کے بعد وہ پہلی 11 ٹیسٹ اننگز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے پاکستانی کھلاڑی بن گئے ہیں۔

سری لنکا نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کرتے ہوئے دن کے اختتام تک بغیر کسی نقصان کے 14 رنز بنا لیے یوں پاکستان کو اب بھی سری لنکا پر 135 رنز کی برتری حاصل ہے۔

کھیل کا دوسرا روز

سری لنکن اننگز
گزشتہ روز دوسرے دن کھیل کا آغاز ہوا تو سری لنکا نے سکور میں 70 رنز کا اضافہ کیا، سری لنکن ٹیم پہلی اننگز میں 312 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

دھننجایا ڈی سلوا نے شاندار اننگز کھیلی اور انہوں نے 12 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 122رنز بنائے، پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی ، نسیم شاہ اور ابرار احمد نے 3،3 جبکہ آغا سلمان نے ایک وکٹ لی۔

پاکستانی اننگز
دوسری جانب پاکستان کی اننگز کا آغاز کچھ اچھا نہیں رہا، عبداللہ شفیق 19 ، امام الحق 1، کپتان بابر اعظم 13 اور سرفراز احمد صرف 17 رنز ہی بنا پائے اور شان مسعود نے 39 رنز سکور کیے۔

بعدازاں سعود شکیل اور آغا سلمان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور ٹیم کے سکور کو آگے بڑھاتے ہوئے 221 تک پہنچا دیا جبکہ گزشتہ روز بھی بارش کے سبب میچ روکنا پڑا تھا۔

کھیل کا پہلا روز
گال میں ہونے والے ٹیسٹ میچ میں سری لنکن کپتان دیموتھ کرونا رتنے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا، پہلے روز کے کھیل کے اختتام پر سری لنکا نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 242 رنز سکور کیے تھے۔

سری لنکا کی جانب سے مڈل آرڈر بیٹر دھننجایا ڈی سلوا اور تجربہ کار کھلاڑی اینجلو میتھیوز نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا، 2 مرتبہ بارش سے متاثر ہونے کے سبب پہلے روز 65 اعشاریہ 4 اوورز کا کھیل ہو سکا تھا۔

کھیل کے پہلے روز پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 3 جبکہ نسیم شاہ، ابرار احمد اور آغا سلمان نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا تھا۔

واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کا دوسرا میچ 24 جولائی سے کولمبو میں شروع ہو گا۔  

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں