ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس کا تیسرا مرحلہ بیلجیئم سائیکلسٹ جیسپر فلپسن کے نام

 بیلجیئم کے سائیکلسٹ جیسپر فلپسن نے ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس کا تیسرا مرحلہ اپنے نام کر لیا۔

سپین سے ٹورڈی فرانس سائیکل ریس کے 110 ویں ایڈیشن کا آغاز ہوچکا ہے، جس میں دنیا بھر کی سائیکلنگ کی 22ٹیموں کے نامور سائیکل سوار ٹائٹل کے حصول کے لئے کوشاں ہیں۔

ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس کے تیسرے مرحلے میں سائیکل سواروں نے سپین میں ایموریبیا اٹیکسانو سے بیون تک کا 193.5 کلو میٹر فاصلہ طے کرنا تھا، 25 سالہ بیلجیئم کے جیسپر فلپسن نے عمدہ سائیکلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے جرمنی کے فل کو شکست دیتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔

جیسپر فلپسن نے تیسرے مرحلے کا 193.5 کلومیٹر پر مشتمل مطلوبہ فاصلہ 4 گھنٹے 43 منٹ اور 15 سیکنڈز میں طے کرکے اپنے نام کیا، جرمن سائیکلسٹ فل باہاؤس نے دوسری جبکہ آسٹریلین سائیکلسٹ کالیب ایون نے تیسری پوزیشن حاصل کی جبکہ برطانوی سائیکلسٹ ایڈم رچرڈ یٹس کا یلو جرسی پر قبضہ برقرار ہے۔

یاد رہے کہ ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس 21 مرحلوں پر محیط ہو گی جس میں سائیکل سوار 3406کلو میٹر کا سفر طے کریں گے۔

ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس میں 22 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے ایکشن میں ہیں، 24 روزہ ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس 23 جولائی کو اختتام پذیر ہو گی، ریس میں ٹیم جمبو ویزما کے ڈینش سائیکل سوار جوناس ونجیگارڈ راسموسن اپنے اعزاز کے دفاع کے لئے کوشاں ہیں۔

یاد رہے کہ ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس کا پہلا ایڈیشن پہلی مرتبہ 1903 میں ہوا تھا جو فرانسیسی سائیکل سوار مورس فرانسس گارین نے جیتا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں