وزیر اعلیٰ جناح ہسپتال کی حالت دیکھ کر برہم، ایم ایس کو ہٹا دیا، پی آئی سی کا بھی دورہ

 نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی نے پی آئی سی اور جناح ہسپتال کے دورے کیے، جناح ہسپتال کی حالت زار دیکھ کر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایم ایس کو فوری طور پر ہٹانے کا حکم دے دیا۔

محسن رضا نقوی نے جناح ہسپتال میں سینئر پروفیسر کی عدم موجودگی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری انکوائری کا حکم دے دیا جبکہ پارکنگ پر اوور چارجنگ کرنے پر کنٹریکٹ منسوخ کر کے انتظام لاہور پارکنگ کمپنی کو دینے کی ہدایت کر دی۔

نگران وزیر اعلیٰ نے 3 گھنٹے تک جناح ہسپتال کا دورہ کیا، انہوں نے میڈیکل یونٹ، چلڈرن او پی ڈی، ایمرجنسی، سرجیکل وارڈ، انجیوگرافی روم، کیپ لیب، اینڈوکرنالوجی سنٹر، سی سی یو، پرائیویٹ وارڈ، مفت ادویات کاؤنٹر، ہیلتھ کارڈ کاؤنٹر اور ڈائلیسسز سنٹر میں انتظامات کا جائزہ لیا۔

محسن رضا نقوی نے مختلف وارڈز اور ویٹنگ رومز میں مریضوں اور تیمارداروں سے صورتحال کے بارے میں دریافت کیا، مریضوں اور تیمارداروں نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے سامنے شکایات کے انبار لگاتے ہوئے کہا کہ دیواروں اور چھتوں پر سیم ہے، تہہ خانے میں پینے کا پانی تھا نہ ہی ادویات اور طبی ٹیسٹ بھی نہیں ہو رہے، بیڈز میں کھٹمل اور زمین پر کاکروچ پائے جاتے ہیں

مریضوں اور تیمار داروں نے مزید بتایا کہ مخصوص لیب سے ٹیسٹ کروانے پر مجبور کیا جاتا ہے، ہسپتال کے اکثر اے سی بند یا خراب حالت میں ہیں، وارڈز میں حبس اور گرمی سے مریض بے حال کوریڈور اور کمروں میں کاٹھ کباڑ کے ڈھیر لگے ہیں، پینے کیلئے پانی نہیں، پیاس لگے تو باہر جانا پڑتا ہے، شکایات پر ایم ایس ڈاکٹر امجد محمود اور دیگر حکام لاجواب نظر آئے۔

نگران وزیر اعلیٰ نے شیخ اعجاز ٹرسٹ ڈائلسز سنٹر کے دورے کے دوران مریضوں کو دی جانے والی سہولیات پر خوشی کا اظہار کیا اور چیئرمین بورڈ آف مینجمنٹ علامہ اقبال میڈیکل کالج گوہر اعجاز کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ کو ہماری مکمل سپورٹ حاصل ہے جو بھی ہسپتال کی بہتری کیلئے کام کرے گا اس کو ہم مکمل سپورٹ فراہم کریں گے۔

نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نے لانڈری اور بیسمنٹ کے دورے پر خستہ حالی دیکھ کر برہمی کا اظہار کیا اور کل ہی بورڈ کا اجلاس بلا کر اس کو فوری طور پر بہتر کرنے کی ہدایت کی، بیسمنٹ پر پانی جمع ہونے پر کمشنر لاہور کو بھی فوری طور پر پانی کی نکاسی آب بہتر کرنے کی ہدایت جاری کی۔

نگران وزیر اعلیٰ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرے پاس جتنا وقت ہے اس دوران پوری کوشش ہے کسی بھی مریض کو ہسپتال میں تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے، غفلت برتنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا، اس موقع پر صوبائی وزراء عامر میر، ڈاکٹر جاوید اکرم، چیف سیکرٹری، سیکرٹریز فنانس، ہیلتھ، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈی جی پی آر اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔

قبل ازیں نگران وزیر اعلیٰ پنجاب اچانک دورے پر پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پہنچے، انہوں نے ہسپتال کی پرانی ایمرجنسی کا معائنہ کیا اور اسے جلد دوبارہ فعال کرنے کا حکم دے دیا، محسن رضا نقوی نے پی آئی سی میں دل کے مریضوں کیلئے فراہم کردہ سہولتوں کا جائزہ بھی لیا اور ایمرجنسی وارڈ میں مریضوں کی خیریت دریافت کی اور سہولیات بارے استفسار کیا۔

محسن رضا نقوی نے مریضوں سے بائی پاس اور پرائمری انجیوگرافی کی سہولت بارے بھی دریافت کیا، مریضوں اور تیمارداروں نے پی آئی سی میں علاج معالجے کی سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کیا، وزیر اعلیٰ نے صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا اور ہسپتال میں داخل مریضوں کا ریکارڈ بھی چیک کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ پرانی ایمرجنسی دوبارہ فعال ہونے سے مریضوں کیلئے مزید بیڈز کی گنجائش پیدا ہو گی، ہیلتھ کیئر کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کیلئے ہسپتالوں کے دورے کر رہا ہوں، پی آئی سی میں علاج معالجے کی سہولتوں میں بہتری آئی ہے، ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف ڈیوٹی پر موجود اور دکھی انسانیت کی خدمت میں مصروف ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں