سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں عیدالاضحیٰ آج منائی جارہی ہے

سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور دیگر خلیجی ممالک میں عیدالاضحیٰ آج منائی جارہی ہے ۔

عید الفطر کے علاوہ مسلمانوں کا دوسرا اہم ترین تہوارعید الاضحیٰ ہے جو قمری کیلنڈر کے آخری مہینے ذوالحج کی 10 تاریخ سے 12 تاریخ تک منائی جاتی ہے۔

مسجدالحرام اور مسجدنبوی میں نمازعید 

 اس موقع پر مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں نماز عید کے روح پرور اجتماعات منعقد ہوئے، جہاں لاکھوں حاجیوں سمیت فرزندان اسلام نے مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں  نماز عید ادا کی۔

اس موقع پر روح پرور مناظر دیکھنے کو آئے اور مسلمانوں نے اللہ کے حضور خشوع و خضوع سے دعا اور استغفار کیا۔

نماز عید کی ادائیگی کے بعد مسلمان نے سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کر رہے ہیں جبکہ حجاج کرام قربانی کا فریضہ انجام دینے کے بعد سرمنڈوا کر احرام کھول لیں گے۔

سعودی عرب میں موجود لاکھوں حجاج کرام نے رات کھلے آسمان تلے مزدلفہ میں گزاری اور نماز عید سے قبل مسجد الحرام میں فجر کی نماز ادا کی۔

اس سے قبل، مناسک حج کے رکن اعظم ’وقوف ِ عرفات ‘ کے مقام میدان عرفات کی مسجد نمرہ سے خطبہ حج پیش کرتے ہوئے کہا کہ جو شخص اللہ اور اس کے رسول ﷺ کی اطاعت کرے گا وہ ہمیشہ ہمیشہ کی جنت میں داخل ہوگا اور یہی اصل کامیابی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے کہ دنیا میں فیصلہ اور حکم صرف اللہ تعالیٰ کا ہی چلتا ہے ۔

شیخ ڈاکٹر یوسف بن محمد نے کہا کہ مل جل کر رہنے میں رحمت اور الگ الگ رہنے میں زحمت ہے، شریعت میں حکم ہے جھگڑا کرنے والوں کو سمجھایا جائے، اللہ رب العزت نے فرمایاکہ  مسلمان کے لیے باطل سے دور رہنا لازم ہے، والد، میاں بیوی اور بچوں کے حقوق کو اللہ نے واضح کر دیا ہے، اللہ نے قرآن مجید میں صبر کی تلقین کی ہے، اتفاق پیدا کرنا معاشرے، خاندان اور سب کی ذمہ داری ہے۔

خلیجی ممالک میں عید کے اجتماعات 

سعودی عرب کے علاوہ متحدہ عرب امارات، بحرین ، کویت ، عمان  کی مساجد اور عید گاہوں میں بھی نماز عید کے اجتماعات ہوئے، جس میں ہزاروں فرزندان اسلام نے شرکت کی اور سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے جانور قربان کر رہے ہیں۔

عیدالاضحٰی کے ساتھ ہی دوستوں اور عزیزوں کی تواضع کیلئےشہریوں سمیت دیگر نے مٹھائی کی دکانوں کا رخ کیا ہے۔

برطانیہ، کینیڈا میں عید الاضحیٰ

دوسری جانب برطانیہ، کینیڈا اور امریکا میں بھی بعض کمیونٹیز آج اور بعض کل (جمعرات) کو عیدالاضحیٰ منائیں گی۔

کینیڈاکے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پردنیا بھر کے مسلمانوں کو عید الاضحی کی مبارکباد دی ۔

 واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت سمیت چند ممالک میں عید الاضحیٰ کل منائی جائے گی ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں