ورلڈ کپ 2023ء کوالیفائرز: زمبابوے نے ویسٹ انڈیز کو شکست دے دی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کرکٹ ورلڈ کپ 2023ء کوالیفائر گروپ اے کے 13ویں میچ میں زمبابوے نے ویسٹ انڈیز کو 35 رنز سے اَپ سیٹ شکست دے دی۔

زمبابوے کی ٹیم نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے آہستہ آہستہ رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا، سکندر رضا 68 رنز کے ساتھ سب سے نمایاں بلے باز رہے۔

زمبابوے کے دیگر کھلاڑیوں میں سے ریان برل نے 50، کریگ ارون نے 47 اور جے گومبی نے 26 رنز کی اننگز کھیلی، زمبابوے کی ٹیم 50ویں اوور 268 کے مجموعی سکور پر آل آؤٹ ہوگئی۔

جواب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم مقررہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور 45ویں اوور میں محض 233 رنز پر اپنی تمام وکٹیں گنوا بیٹھی، ویسٹ انڈیز کے کائل میئرز نے سب سے زیادہ 56 رنز کی اننگز کھیلی۔

شاندار کھیل کا مظاہرہ کرنے پر سکندر رضا کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، سکندر رضا نے سب سے  زیادہ 68 رنز کی اننگز کے ساتھ ساتھ 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ اور 2 کیچ پکڑ کر باؤلنگ اور فیلڈنگ میں بھی اچھی پرفارمنس کا مظاہرہ کیا۔

دوسرے میچ میں نیدر لینڈ نے نیپال کو 7 وکٹوں سے ہرا دیا، نیپال کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 163 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی، نیدر لینڈز نے 164 رنز کا ہدف 28ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں