مودی کا دورہ امریکا، مسک ٹیسلا مینوفیکچرنگ بیس بارے بریف کریں گے : رپورٹس

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی دورہ امریکا کے دوران امریکی کار ساز کمپنی ٹیسلا کے چیف ایگزیکٹو ایلون مسک سے ملاقات کریں گے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایلون مسک ملاقات کے دوران نریندر مودی کو بھارت میں مینوفیکچرنگ بیس قائم کرنے کے منصوبوں کے بارے میں بریف کریں گے۔

واضح رہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی 21 جون سے 24 جون تک امریکا کا سرکاری دورہ کریں گے اور اس دوران ان کی امریکی بزنس کمیونٹی سے ملاقاتیں بھی شیڈول ہیں۔

امریکی کار ساز کمپنی کے ایگزیکٹوز نے گزشتہ ماہ بھارت کا دورہ کیا تھا اور ہندوستانی بیوروکریٹس اور وزراء سے کاروں کے مینوفیکچرنگ بیس کے قیام اور بھارت میں بیٹریاں تیار کرنے پر بات چیت کی تھی۔

رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ مسک مودی کے ساتھ سرمایہ کاری کے منصوبوں اور نقطہ نظر پر تبادلہ خیال کریں گے کیونکہ ٹیسلا کے بھارت کے لیے بہت مضبوط منصوبے ہیں۔

یاد رہے کہ مسک نے پچھلے مہینے کہا تھا کہ ٹیسلا اس سال کے آخر تک ممکنہ طور پر ایک نئی فیکٹری کے لیے جگہ کا انتخاب کرے گی اور ہندوستان ایک نئے پلانٹ کے لیے ایک دلچسپ جگہ ہے۔

خیال رہے کہ ٹیسلا اور ایپل جیسی امریکی کمپنیوں کو واشنگٹن اور بیجنگ کے درمیان کشیدگی کے پیش نظر مینوفیکچرنگ بیس کے طور پر چین پر انحصار کم کرنے کے چیلنجز کا سامنا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں