ایشز سیریز: پہلے ٹیسٹ میں عثمان خواجہ کی سنچری سے آسٹریلیا کی پوزیشن مستحکم

 آسٹریلوی اوپنر عثمان خواجہ نے شاندار سنچری سکور کر کے ایشز سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں ٹیم کی پوزیشن بہتر بنا دی۔

آسٹریلیا نے برمنگھم میں جاری ٹیسٹ کے دوسرے روز 14 رنز بغیر کسی نقصان سے اپنی اننگز کی شروعات کی اور دن کے اختتام تک 5 وکٹ پر 311 رنز بنا لئے، میزبان ٹیم کو تاحال مہمان ٹیم پر 82 رنز کی برتری حاصل ہے۔

ڈیوڈ وارنر 9 رنز بنا کر ہی عثمان خواجہ کا ساتھ چھوڑ گئے، اس کے بعد مارنوس لیبوشن صفر پر پویلین لوٹ گئے، لگاتار دو وکٹ گرنے پر انگلش ٹیم کی میچ پر گرفت مضبوط ہوگئی، تاہم عثمان خواجہ نے اسٹیو اسمتھ کے ساتھ مل کر پہلے ٹیم کا سکور 67 رنز تک پہنچایا، اس موقع پر اسمتھ صرف 16 رنز بنا کر میدان چھوڑ گئے۔

اس کے بعد ٹریوس ہیڈ اور عثمان خواجہ کے درمیان 81 رنز کی شراکت قائم ہوئی، ہیڈ نے اس دوران اپنی نصف سنچری مکمل کی، پھر وہ بھی آؤٹ ہوگئے، پانچویں وکٹ پر عثمان خواجہ نے کیمرون گرین کے ساتھ مل کر 72 رنز کا اضافہ کیا، اس دوران آسٹریلوی اوپنر نے سنچری مکمل کی جبکہ دوسرے اینڈ پر موجود کیمرون گرین 38 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

دوسرے دن کے کھیل کے اختتام تک ایلکس کیری اور عثمان خواجہ نے چھٹی وکٹ پر 91 رنز کی شراکت قائم کر لی ہے اور ٹیم کا سکور 5 وکٹ پر 311 رنز تک پہنچا دیا ہے۔

عثمان خواجہ 126 جبکہ ایلکس کیری 52 رنز پر ناقابل شکست ہیں، تاہم آسٹریلیا کو انگلش ٹیم کی پہلی اننگز کا خسارہ پورا کرنے کیلئے مزید 82 رنز درکار ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں