ایپل کا نیا آئی فون 15 پرو میکس کی واضح تصاویر سامنے آگئیں

ایپل کا نیا فلیگ شپ فون ستمبر میں متعارف کرائے جانے کا امکان ہے مگر اس کے ڈیزائن کی واضح جھلک قبل از وقت سامنے آگئی ہے۔

ایک رپورٹ میں آئی فون 15 پرو میکس کے ڈیزائن کو دکھایا گیا۔

رپورٹ کے مطابق آئی فون 15 پرو میکس کی نقل کو ایپل کے مجوزہ خاکوں کو مدنظر رکھ تیار کیا گیا۔

اس لیک سے عندیہ ملتا ہے کہ دیکھنے میں یہ نیا فون گزشتہ سال کے آئی فون 14 پرو میکس سے کافی حد تک مختلف نظر آئے گا۔

اس کی وجہ یہ ہے کہ آئی فون 15 پرو میکس کے کناروں کی پٹی یا بیزل نمایاں حد کم ہوں گے۔

لیک میں آئی فون 14 پرو میکس اور اس کی جگہ لینے والے نئے ماڈل کا موازنہ بھی دکھایا گیا۔

اس سال آئی فون 15 پرو کے دونوں ماڈلز میں خم ایجز والا ڈسپلے استعمال کیے جانے کا امکان ہے جن میں سے آئی فون 15 پرو میکس میں 6.7 انچ کا ڈسپلے موجود ہوگا۔

آئی فون 15 سیریز میں کیا کچھ نیا ہو سکتا ہے؟

کچھ عرصے قبل ایک لیک میں بتایا گیا تھا کہ آئی فون 15 پرو میکس کے فرنٹ ڈسپلے میں کناروں کی پٹی یا بیزل اس وقت دستیاب تمام اسمارٹ فونز کے مقابلے میں سب سے کم ہوں گے۔

آئی فون 15 پرو میکس میں بیزل کا حجم محض 0.06 انچ ہوگا۔

اسی طرح مختلف لیکس میں بتایا گیا تھا کہ آئی فون 15 پرو میکس میں ایپل کمپنی کی تاریخ کا سب سے بڑا کیمرا سنسر موجود ہوگا۔

48 میگا پکسل کیمرا سنسر کا حجم 1/1.14 انچ ہوگا جو روشنی کو زیادہ بہتر طریقے سے جذب کرنے کے ساتھ ساتھ باریک تفصیلات بھی محفوظ کر سکے گا۔

ایپل کی جانب سے آئی فون 15 سیریز میں چارجنگ کے لیے یو ایس بی ٹائپ سی پورٹ بھی دی جائے گی، جس کا مطالبہ صارفین کافی عرصے سے کر رہے ہیں۔

اس وقت آئی فون کو لائٹننگ کیبل سے چارج کیا جاتا ہے۔

یہ 11 سال بعد پہلی بار ہوگا جب ایپل کی جانب سے آئی فونز میں ایسی تبدیلی کی جائے گی۔

یو ایس بی ٹائپ سی پورٹ سے ہٹ کر آئی فون 15 سیریز کے تمام فونز میں ڈائنامک آئی لینڈ کا فیچر دیے جانے کا امکان ہے، جو 2022 میں آئی فون 14 پرو ماڈلز تک محدود رکھا گیا۔

خیال رہے کہ آئی فون 15 سیریز کو ستمبر 2023 میں متعارف کرائے جانے کا امکان ہے جو 4 ماڈلز پر مبنی ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں