دنیا کے سب سے طاقتور راکٹ کی پہلی پرواز لانچ سے چند منٹ قبل ملتوی کر دی گئی

دنیا کے سب سے طاقتور راکٹ کی پہلی پرواز لانچ سے چند منٹ قبل ملتوی کر دی  گئی۔

ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس کے تیار کردہ اسٹار شپ راکٹ کی اولین پرواز 17 اپریل کو  شام 6 بجے سے ساڑھے 7 بجے کے دوران ٹیکساس سے لانچ کی جانے تھی ۔

تاہم لانچ سے چند منٹ قبل انسانی تاریخ کے سب سے طاقتور راکٹ کی پرواز کم از کم 48 گھنٹوں کے لیے ملتوی کر دی گئی۔

ایلون مسک نے ٹوئٹر پر لانچ کے عمل میں  فنی خرابی کے بارے میں بتاتے ہوئے راکٹ کی پرواز ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔

رپورٹس کے مطابق اسپیس ایکس اس ہفتے کے آخر میں دوبارہ راکٹ کو لانچ کرنے کی کوشش کر سکتا ہے۔ دنیا کا سب سے طاقتور اسٹار شپ راکٹ 120 میٹر لمبا ہے جس کا وزن 50 لاکھ کلوگرام ہے۔

 ایلون مسک نے لانچ سے قبل 16 اپریل کو ٹوئٹر اسپیسز میں بتا دیا تھا کہ ‘میری توقعات بہت زیادہ نہیں، اگر ہم کچھ غلط ہونے سے قبل راکٹ کو کچھ دور لے جانے میں کامیاب ہو گئے تو میں اسے کامیابی تصور کروں گا، بس لانچ پیڈ پر وہ پھٹ نہ جائے’۔

انہوں نے امکان ظاہر کیا تھا کہ لانچ کو ملتوی کیا جاسکتا ہے کیونکہ ہم بہت زیادہ احتیاط کر رہے ہیں۔

یہ اسپیس ایکس کی جانب سے مکمل طور پر تیار راکٹ کو زمین کے مدار کی جانب بھیجنے کی پہلی کوشش ہوگی، جس کے پروٹو ٹائپ ماڈلز کی آزمائش برسوں سے کی جا رہی تھی۔

رپورٹس کے مطابق یہ وہ راکٹ ہے جسے ایلون مسک انسانوں کو مریخ پر لے جانے کے لیے استعمال کرنا چاہتے ہیں اور وہ تو یہ بھی کہتے رہے ہیں کہ اسپیس ایکس کو قائم کرنے کا واحد مقصد اسٹار شپ جیسی سواری تیار کرنا ہے جو انسانوں کو مریخ پر بسانے میں مدد فراہم کر سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں