بہت جلد گوگل میں انقلابی ٹیکنالوجی کا اضافہ ہوگا: سی ای اوسندر پچائی

گوگل کے سی ای او سندر پچائی نے کہا کہ بہت جلد آپ کو دنیا کا مقبول ترین سرچ انجن گوگل بالکل مختلف محسوس ہوگا۔

گوگل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) سندر پچائی نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ اے آئی جیسی انقلابی ٹیکنالوجی سے گوگل سرچ انجن کو بہت زیادہ بہتر بنایا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یقیناً اے آئی فیچرز کو گوگل سرچ کا حصہ بنایا جائے گا اور لوگ سرچ کے ساتھ ساتھ گوگل سے سوالات بھی پوچھ سکیں گے، مائیکرو سافٹ کے سرچ انجن بنگ میں چیٹ جی پی ٹی کے اضافے کے بعد گوگل نے فروری 2023 میں اپنے چیٹ بوٹ بارڈ کو متعارف کرانے کا اعلان کیا تھا۔

بعد ازاں مارچ میں گوگل کی جانب سے تیار کردہ اے آئی چیٹ بوٹ بارڈ کو امریکا اور برطانیہ میں محدود صارفین کے لیے متعارف کرایا گیا تھا، بارڈ چیٹ بوٹ گوگل کے لینگوئج ماڈل فار ڈائیلاگ ایپلیکیشنز (ایل اے ایم ڈی اے) پر مبنی ہے تاہم ابھی تک اسے گوگل سرچ کا حصہ نہیں بنایا گیا۔

سندر پچائی نے یہ نہیں واضح کیا کہ نئے اے آئی فیچرز کب تک گوگل سرچ میں دستیاب ہوں گے، انہوں نے بتایا کہ گوگل کی جانب سے اے آئی ٹیکنالوجی پر مبنی کئی سرچ پراڈکٹس کی آزمائش کی جا رہی ہے ، گوگل کی جانب سے جی میل اور ڈاکس کے لیے بھی اے آئی فیچرز کو متعارف کرایا جارہا ہے۔ 

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں