پنجاب یونیورسٹی میں اکنامکس، بزنس اور سوشل سائنس پر بین الاقوامی کانفرنس

 چیئرمین پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر نے کہا ہے کہ ملک میں معاشی استحکام کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کوامن اور اقتصادی ترقی کے ایجنڈے پرمتحد ہونا چاہیے۔ وہ پنجاب یونیورسٹی ادارہ تعلیم و تحقیق ، شعبہ تاریخ، سکول آف اکنامکس اور انسٹیٹیوٹ آف سپیشل ایجوکیشن کے اشتراک سے’معیشت میں پائیدار تعلیم، معیشت، کاروبار اورڈیجیٹلائزیشن‘ کے موضوع پردو روزہ بین الااقوامی کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے فیصل آڈیٹوریم میں خطاب کر رہے تھے۔اس موقع پر ڈپٹی ریکٹر اکیڈمک افیئرزیو آئی ٹی ایم،یونیورسٹی ملائیشیا پروفیسر ڈاکٹر محمد اذلان، ڈائریکٹر یو آئی ٹی ایم شاہ عالم، ملائیشیا ڈاکٹر روحانہ زور، ڈائریکٹر ادارہ تعلیم و تحقیق پروفیسر ڈاکٹر عبدالقیوم چوہدری، چیئرمین شعبہ تاریخ پروفیسر ڈاکٹر محبوب حسین، کانفرنس سیکریٹری ڈاکٹر غلام فاطمہ،سینئر نائب صدر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ظفر محمود چوہدری، ملکی و بین الاقوامی شہرت یافتہ محققین، فیکلٹی ممبران اور طلباؤطالبات نے بڑی تعداد نے شرکت کی۔اپنے خطاب میں ڈاکٹرشاہد منیر نے کہا کہ محصولات زر، بڑھتی آبادی،مضبوط بلدیاتی نظام، زراعت میں جدید ٹیکنالوجی کااستعمال، ہنر مند افراد ی قوت، توانائی کے سستے ذرائع، ہائیڈرل ڈیمزکی تعمیر، ہمسایہ ممالک کے ساتھ امن مذاکرات اور مقامی کرنسی میں لین دین کیلئے مربوط حکمت عملی مرتب کرناہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ تعلیمی اداروں کو چیمبر آف کامرس کے ماہرین کی خدمات سے استفادہ کرکے مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق نصاب تیار کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ دنیا کا مستقبل انفارمیشن ٹیکنالوجی سے جڑا ہے جس کیلئے پاکستانی طلباء کودرست رہنمائی فراہم کی جانی چاہیے۔انہوں نے بہترین کانفرنس کے انعقا دپر منتظمین کو مبارک باد پیش کی۔ ڈاکٹر محمد اذلان اور روحانہ زورنے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کے ساتھ اعلیٰ تعلیم کے فروغ کیلئے ہر سطح پر کام کرنے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی بہت مہمان نواز ہیں، لذیذ کھانے اور تاریخی مقامات بھی قابل ستائش ہیں۔انہوں نے پنجاب یونیورسٹی کانفرنس میں شرکت کوباعث افتخار قرار دیا۔ڈاکٹر عبدالقیوم چوہدری نے کہاکہ تعلیمی اداروں میں انٹرپرینیورشپ کو فروغ دینے کے لئے اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ تعلیم و تحقیق پر سرمایہ کاری اور ہنر مند پیشہ ور افراد ملکی ترقی کیلئے لازم ہیں۔ ڈاکٹر محبوب حسین نے کہا کہ کانفرنس کے انعقادکا مقصدنوجوان سکالرز کو علاقائی جحانات بارے آگاہی فراہم کرنا تھا۔انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں ملکی معیشت کی بہتری کے لئے ایسی تجاویز سامنے آئیں گی جس سے پالیسی سازوں کو فائدہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں 260 تحقیقی مقالے پڑھے جارہے ہیں۔ ظفر محمود چوہدری نے کہا کہ75سال سے انڈسٹریز ملکی معیشت کی بہتری کے لئے کوشاں ہیں لیکن پالیسی سازوں نے کبھی کاروباری افراد کو اہمیت نہیں دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے معاشی حالات کمزور ہیں جس کی بہتر ی کیلئے سب کو کردار ادا کرنا ہوگا ورنہ آنے والی نسلیں ہمیں معاف نہیں کریں گی۔کانفرنس بروز بدھ بھی جاری رہے گی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں