گاڑی میں ایلون مسک کا بیٹا X سفر کررہا تھا جس کا پورا نام X Æ A-12 ہے

ٹوئٹر کے نئے مالک ایلون مسک نے کہا ہے کہ ایک ‘دیوانہ شخص’ اس گاڑی کے بونٹ پر کھڑا ہوگیا جو ان کے بیٹے کو لے کر جارہی تھی۔ اس واقعے نے ایلون مسک رئیل ٹائم لوکیشن تفصیلات فراہم کرنے والے ٹوئٹر اکاؤنٹس کے حوالے سے نئی پالیسی کے اعلان پر مجبور کردیا۔ ایلون مسک کے پرائیوٹ جہاز کو ٹریک کرنے والا ٹوئٹر اکاؤنٹ معطل ایلون مسک کی جانب سے یہ بات ایک ٹوئٹ میں اس وقت بتائی گئی جب 14 دسمبر کو ٹیسلا کے بانی کے پرائیوٹ جہاز کو آن لائن ٹریک کرنے والا ٹوئٹر اکاؤنٹ معطل کیا گیا۔ ایلون مسک نے ٹوئٹ میں بتایا کہ اس شخص نے گاڑی کا پیچھا اس لیے کیا کیونکہ اس کا خیال تھا کہ وہ گاڑی میں موجود ہیں۔ گاڑی میں ایلون مسک کا بیٹا X سفر کررہا تھا جس کا پورا نام X Æ A-12 ہے۔ ٹوئٹر کے سی ای او کے مطابق X لاس اینجلس میں سفر کررہا تھا جب اس شخص نے گاڑی کو بلاک کیا اور پھر اس کے اوپر چڑھ گیا۔ اس واقعے کے بعد ایلون مسک نے اعلان کیا کہ جو اکاؤنٹ رئیل ٹائم لوکیشن تفصیلات شیئر کرے گا اسے معطل کردیا جائے گا کیونکہ یہ سکیورٹی کے لیے خطرہ ہے، البتہ کچھ تاخیر سے تفصیلات پوسٹ کرنے پر ایکشن نہیں لیا جائے گا۔ انہوں نے یہ وضاحت نہیں کی کہ ان کے جہاز کو ٹریک کرنے والے اکاؤنٹ نے گاڑی روکنے والے شخص کو لوکیشن تفصیلات فراہم کی تھیں یا نہیں۔ خیال رہے کہ نوجوان پروگرامر جیک سوینے نے ایک سافٹ ویئر بنارکھا ہے جو خودکار طریقے سے دنیا کے دوسرے امیر ترین شخص ایلون مسک کے ذاتی جہاز کی نقل و حرکت کو ٹریک کرتا ہے اور اس کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کو معطل کیا گیا تھا۔ گزشتہ ماہ ایک ٹوئٹ میں ایلون مسک نے کہا تھا کہ آزادی اظہار کے لیے وہ اپنے طیارے کی معلومات بتانے والے اکاؤنٹ کو بھی بند نہیں کریں گے حالانکہ یہ ذاتی طور پر ان کی حفاظت کے لیے خطرہ ہے۔ دوسری جانب ایلون مسک نے اپنی کمپنی ٹیسلا کے 3.6 ارب ڈالرز مالیت کے 2 کروڑ 20 لاکھ شیئرز فروخت کردیے ہیں۔ سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن میں جمع کرائی گئی دستاویزات کے مطابق یہ شیئرز 12 سے 14 دسمبر کے درمیان فروخت کیے گئے۔ 2022 کے دوران ایلون مسک 22.93 ارب ڈالرز مالیت کے 9 کروڑ سے زیادہ شیئر فروخت کرچکے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں