سرکاری و نجی اداروں میں کام کرنے والے بعض ملازمین شہریوں کے ساتھ اپنی بداخلاقی

نئی دہلی : سرکاری و نجی اداروں میں کام کرنے والے بعض ملازمین شہریوں کے ساتھ اپنی بداخلاقی، گھمنڈ اور نامناسب رویے کے باعث اداروں کی بدنامی کا سبب بنتے ہیں۔ اس طرح کی سوچ رکھنے والے ملازمین اپنے عہدے اور اثرو رسوخ کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے کسی کو بھی خاطر میں نہیں لاتے اور نہ ہی ان کی عزت نفس کا خیال کرتے ہیں۔ اسی طرح کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی پے کہ جس میں ایک بینک ملازمہ بینک میں آنے والی خاتون کھاتے دار کے سوال پوچھنے پر آپے سے باہر ہوجاتی ہے۔ بھارت کے ایک بینک کے اندر ریکارڈ کی جانے والی ویڈیو ٹوئٹر پر بہت وائرل ہو رہی ہے، جس میں ایک خاتون بینک ملازمہ کو مبینہ طور پر ایک کھاتے دار خاتون کو تھپڑ مارتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ ویڈیو میں بینک کی خاتون ملازمہ کاؤنٹر پر بیٹھی کام میں مصروف نظر آرہی ہے اس دوران ایک خاتون اس کے پاس اپنی شکایت لے کر آئی اور اس کا ازالہ کرنے کے بارے میں دریافت کیا۔ لیکن خاتون بینک ملازمہ اسے مسلسل نظر انداز کرتی رہی اور اس کے سوال کا جواب تک نہ دیا، خاتون کھاتے دار اس پورے واقعہ کی ویڈیو اپنے موبائل میں ریکارڈ کرتی رہی اور اس دوران اپنا مدعا بھی بیان کرتی رہی لیکن ملازمہ نے سُنی ان سُنی کردی۔ آخر کار بینک ملازمہ تیزی سے اٹھی اور خاتون کو تھپڑ ماردیا جس سے موبائل زمین جاگرا، جس کے بعد دونوں کے درمیان شدید بحث ہوئی اسی دھینگا مشتی میں خاتون صارف کے ہاتھ پر گہری خراشیں بھی آئیں۔ خاتون ملازمہ اس کھاتے دار عورت کو بدتمیز کہنے کے ساتھ ساتھ پولیس بلانے کی دھمکی بھی دیتی رہی، مذکورہ ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین بینک ملازمہ کے رویے کیخلاف کھل کر اظہار خیال کررہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں