عمران خان حملہ: واقعے کے پیچھے مذہبی جنون کارفرما ہے، خواجہ آصف

اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہےکہ ملزم کے مختلف بیانات سے یہ ظاہر ہے کہ یہ مذہبی جنونیت کی وجہ سے ہے، اس واقعے کے پیچھے مذہبی جنون کارفرما ہے۔ قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ جو کل واقعہ ہوا اس کی سب نے مذمت کی، اس میں کوئی شک نہیں کہ واقعہ پوری قوم کے لیے شرمندگی کا باعث ہے، پوری دنیا میں اس کا کیا تاثر گیا ہوگا، وفاقی حکومت چاہتی ہے کہ اس کی وجہ سامنے آنی چاہیے، ماضی میں بھی اس طرح کے واقعات کا کوئی ذمہ دار سامنے نہیں آیا، ماضی میں بینظیرکے واقعے میں اٹھنے والے سوالات کا کوئی جواب نہیں ملا، لیاقت علی خان واقعے کا بھی کوئی جواب نہیں ملا۔ وزیر دفاع نے کہا کہ ملزم کے مختلف بیانات سے یہ ظاہر ہے کہ یہ مذہبی جنونیت کی وجہ سے ہے، اس واقعے کے پیچھے مذہبی جنون کارفرما ہے۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ جس تھانے کی حدود میں واقعہ ہوا وہ سارا تھانہ معطل کر دیا گیا ہے، ملزم کو وزیراعلیٰ پنجاب اپنے ضلع میں لے گئے ہیں، واقعے کو سیاسی رنگ دینے کی تگ و دو میں ہیں، ہمیں سمجھ آ رہی ہے کہ واقعہ کا رخ کہاں موڑا جا رہا ہے، تفتیش کے تمام تقاضے پورے ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی ادارے کے نام کو استعمال کرنے کی مذمت کرتا ہوں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں