دنیا بھر میں متعدد صارفین کو انسٹاگرام اکاؤنٹ معطل ہونےکا نوٹس موصول

دنیا کے مختلف ممالک میں معروف سوشل میڈیا ایپلیکیشن انسٹاگرام کے صارفین کو اپنا اکاؤنٹ کھولنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ سوشل میڈیا ایپ ٹوئٹر پر صارفین نے شکایت کی ہےکہ وہ اپنا اکاؤنٹ نہیں کھول پا رہے اور انہیں نوٹس ملا ہےکہ آپ کا اکاؤنٹ 30 روز کے لیے بند کردیا گیا ہے۔ بعض صارفین نے شکایت کی ہےکہ وہ اپنا اکاؤنٹ تو کھول پارہے ہیں تاہم ان کے فالوووز اچانک کم ہوگئے ہیں، اس کی وجہ اکاؤنٹس کا بڑی تعداد میں اچانک معطل ہوجانا بتایا جا رہا ہے۔ ٹوئٹر میٹا کی زیر ملکیت سوشل میڈیا ایپ انسٹاگرام نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا ہےکہ وہ بعض صارفین کی جانب سے اپنے اکاؤنٹ تک رسائی میں مشکلات کی شکایات سے آگاہ ہیں۔ انسٹاگرام کا کہنا ہےکہ وہ اس مسئلے کو ٹھیک کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور صارفین کو درپیش پریشانی پر معذرت خواہ ہیں۔ خیال رہےکہ گزشتہ ہفتے میٹا ہی کی زیر ملکیت پیغام رسانی کے لیے استعمال ہونے والی مقبول ترین ایپلیکیشن واٹس ایپ کے صارفین نے بھی ایپلیکیشن کے غیر فعال ہونے کی شکایت کی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں