نواز شریف کو واپس آکر قانونی رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑے گا، نگران وزیراعظم

 نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ نواز شریف واپس آ کر سیاست میں حصہ لینا چاہتے ہیں تو انہیں کئی قانونی رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارم کو دیے گئے انٹرویو میں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی وطن واپسی کے فیصلے سے نگران حکومت کا کوئی لینا دینا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی واپسی کیلئے نگران حکومت کی کسی سے ڈیل کا تاثر درست نہیں، نگران حکومت کوئی بھی ایسی ڈیل کیسے کر سکتی ہے، مسلم لیگ ن سمیت کسی بھی سیاسی جماعت کیلئے کوئی نرم گوشہ نہیں ہے۔

نگران وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف پی ٹی آئی دور حکومت میں عدالت کی اجازت سے باہر گئے تھے، آصف زرداری ہوں، نواز شریف یا چیئرمین پی ٹی آئی سب کو اپنے مقدمات کیلئے قانونی حل تلاش کرنے ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں