محسن نقوی کا ساہیوال کا دورہ، زیر تعمیربائی پاس کا معائنہ، دسمبر تک مکمل کرنیکی ہدایت

 نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے ساہیوال میں زیر تعمیر بائی پاس کا معائنہ کیا، وزیراعلیٰ نے منصوبہ دسمبر تک مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔

وزیراعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی نے ساہیوال کا دورہ کیا، زیر تعمیر 13.7 کلومیٹر بائی پاس ایک ارب65کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جا رہا ہے، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید اور ڈپٹی کمشنر اکرام الحق بھی محسن نقوی کے ہمراہ تھے۔

محسن نقوی کو ایس ای ہائی وے ارشد ندیم نے پراجیکٹ بارے تفصیلی بریفنگ دی، وزیراعلیٰ نے منصوبے کو دسمبر تک مکمل کرنے کی ہدایت کر دی، وزیراعلیٰ نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل سے فیصل آباد جانے والی ہیوی ٹریفک کو فائدہ ہوگا، صوبے کے جنوبی اضلاع کی موٹرویز سے بھی آسان رسائی ہوگی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ 9.7 کلو میٹر فیزI پہلے ہی مکمل ہونے پر شہریوں کے زیر استعمال ہے، محسن نقوی نے درکار تمام مزید فنڈز فوری جاری کرنے کی بھی ہدایت کر دی۔

محسن نقوی نے دورہ کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسانوں کو چاول کی فصل کی باقیات جلانے سے روکنے کے لئے میڈیا آگاہی فراہم کرے، لاہور شہرکی خوبصورتی میں اضافے کے لئے مختلف اقدامات کئے جا رہے ہیں، صوبے کے ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی کمی کو دورکیا جائے گا، صوبے میں صفائی کے لئے بھی ترجیحی بنیادوں پرکام کررہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں