نوجوانوں کو ترقی دے کر پاکستان کی غربت کم کریں گے: شہباز شریف

 سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو ترقی دے کر پاکستان کی غربت کم کریں گے۔

اپنے ایک پیغام میں صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں، ان کا مستقبل ہمیشہ صرف نواز شریف نے سنوارا ہے، نواز شریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہی نوجوانوں کو روزگار، تعلیم، ہنر اور امید کے تحفے دیئے۔

شہباز شریف نے کہا کہ سابقہ دور حکومت میں مسلم لیگ ن کی حکومت نے نوجوانوں کے لئے 20 ارب روپے کا پانچ سالہ تاریخی وزیراعظم یوتھ پروگرام شروع کیا تھا، پاکستان کی 68 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، نوجوانوں کی اس غالب آبادی کو سنوارنا ، پڑھانا اور ہنرمند بنانا ہے، یہ صرف ہم کر سکتے ہیں۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دانش سکول جس طرح غریب اور محنتی طالب علموں کی زندگی بدل رہے ہیں، اب ان کا دائرہ پورے پاکستان تک پھیلائیں گے، ہر نوجوان کو لیپ ٹاپ دیں گے تاکہ ملک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کا انقلاب لائیں، 2024 سے 2029 تک زراعت، آئی ٹی، معدنیات، توانائی کے شعبوں کو خاص طور پر ترقی دیں گے۔

صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ اگلے پانچ سال میں معیشت کو پیروں پر کھڑا کریں گے، مہنگائی سے عوام کو نجات دلائیں گے، نوجوانوں کو اس قابل بنائیں گے کہ وہ اپنا کاروبار کریں، نوکریاں دینے والے بنیں، نوجوانوں کو ہنرمند بنائیں گے، ان کے لئے بیرون ملک روزگار کا بندوبست کریں گے۔ 

اپنا تبصرہ بھیجیں