سفر کے دوران متلی اور سر چکرانے سے بچانے میں مددگار آسان طریقے

طیارے، ٹرین، بحری جہاز یا گاڑی کے سفر کے دوران کبھی بھی اچانک متلی اور سر چکرانے کی تکلیف کا سامنا ہو سکتا ہے۔

اسے طبی زبان میں موشن سکنس کہا جاتا ہے جس کے شکار افراد کو متلی، قے، سر چکرانے اور دیگر مسائل کا سامنا ہوتا ہے۔

یہ ایک پراسرار بیماری ہے جس کی بنیادی وجہ کا علم نہیں مگر ماہرین نے کچھ ممکنہ وجوہات ضرور بتائی ہیں۔

ایک بات تو واضح ہے کہ موشن سکنس کا سامنا اس وقت ہوتا ہے جب ہماری حسیں دماغ کو متضاد پیغامات بھیجتی ہیں۔

ماہرین کے خیال میں موشن سکنس کے مسئلے میں اندرونی کان کا کردار بہت اہم ہوتا ہے کیونکہ یہ توازن کے احساس کو کنٹرول کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔

مگر اچھی بات یہ ہے کہ اس مسئلے سے بچنا بہت زیادہ مشکل نہیں ہوتا۔

درحقیقت چند عام چیزوں کا خیال رکھ کر اس تکلیف سے فوری ریلیف حاصل کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

گاڑی خود چلائیں

اگر گاڑی میں سفر کے دوران اکثر سر چکرانے کی شکایت ہوتی ہے تو بہتر ہے کہ اسے خود ڈرائیو کریں، ایسا کرنے سے اندرونی کان کا توازن بگڑتا نہیں۔

بیٹھنے کی پوزیشن

اگر ڈرائیونگ کرنا ممکن نہیں تو کوشش کریں کہ گاڑی کی فرنٹ سیٹ (seat) بیٹھ جائیں۔

اس سے بھی اندرونی کان اور بینائی کے درمیان تعلق کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

آسمان کی جانب دیکھیں

کسی ساکت چیز کی جانب دیکھیں یعنی گاڑی سے آسمان کی جانب دیکھنا شروع کردیں، اس سے بھی سر چکرانے یا متلی سے بچنے میں مدد مل سکتی ہے۔

ہوا سے مدد لیں

اگر سر چکرا رہا ہے یا متلی کی شکایت ہے تو کھڑکی کھول دیں جس سے بھی موشن سکنس کی شدت میں کمی آسکتی ہے۔

اگر موسم کی وجہ سے ہوا نہیں چل رہی تو گاڑی کے ائیر کنڈیشنر کا رخ اپنے چہرے کی جانب کرلیں۔

کچھ کھائیں

کوئی ہلکی پھلکی چیز کھانے سے بھی متلی اور سر چکرانے کی شکایت سے نجات میں مدد مل سکتی ہے۔

اس مقصد کے لیے سیب، کیلے اور روٹی وغیرہ بہترین ثابت ہوتے ہیں۔

چند مشروبات

ٹھنڈے پانی یا کاربونیٹ مشروبات پینے سے بھی متلی سے نجات پانے میں مدد ملتی ہے جبکہ دودھ اور سیب کا جوس بھی اچھا انتخاب ہے۔

البتہ کافی اور سافٹ ڈرنکس سے گریز کریں کیونکہ ان سے متلی کی شدت بدتر ہوسکتی ہے۔

فون کو استعمال نہ کریں

موشن سکنس کا سامنا کرنے والے افراد کے لیے سفر کے دوران اسمارٹ فونز کی اسکرین پر توجہ مرکوز کرنا علامات کی شدت کو بدتر بنا سکتا ہے۔

تو بہتر ہے کہ سفر کے دوران اسمارٹ فونز کے استعمال سے گریز کریں، اسی طرح کتاب پڑھنے سے بھی گریز کریں۔

مخصوص خوشبوئیں

مخصوص خوشبوئیں جیسے پودینے کے تیل کی مہک کو سونگھنے سے بھی موشن سکنس سے بچنے میں مدد ملتی ہے۔

ادرک

اگر ادرک موجود ہے تو اس کی معمولی مقدار کو چبانے سے بھی فائدہ ہوسکتا ہے۔

نوٹ: یہ مضمون طبی جریدوں میں شائع تفصیلات پر مبنی ہے، قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں