ایلون مسک آرٹیفیشل انٹیلی جنس کمپنی بنانے کیلئے تیار

معروف امریکی کمپنی ٹیسلا کے بانی اور ٹوئٹر کے سی ای او ایلون مسک اب آرٹیفیشل انٹیلی جنس کمپنی بنانے کیلئے تیار ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایلون مسک کسی بھی وقت اس کمپنی کے بارے میں اعلان کر سکتے ہیں اور انہوں نے تحقیق کرنے کیلئے 2 افراد کو نوکری پر بھی رکھ لیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق X.AI نامی کمپنی کے بارے میں مکمل تفصیلات کو خفیہ رکھا گیا ہے تاہم پچھلی رپورٹس بتاتی ہیں کہ ایلون مسک کی AI ماڈلز بنانے پر توجہ مرکوز ہے اور وہ مشہور AI لینگویج ماڈل ChatGPT کا حریف تیار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق ایلون مسک ٹیسلا اور سپیس ایکس کے سرمایہ کاروں کے ساتھ اپنے اس نئے منصوبے میں سرمایہ کاری کرنے کے لئے بات چیت بھی کر رہے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق ایلون مسک اکثر ہی آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) کے خطرات کے بارے میں اپنی آواز اٹھاتے نظر آتے ہیں تاہم اس مرتبہ اس حوالے سے کمپنی بنانے پر لوگ حیرانی کا اظہار کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ حال ہی میں ایلون مسک سمیت سیکڑوں ماہرین نے ایک خط پر دستخط کئے تھے جس میں کم از کم 6 ماہ کے لئے اے آئی سسٹمز کو روکنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
 

اپنا تبصرہ بھیجیں