اہم تقرری کو آئین و قوانین کے تحت ہونا چاہیے، صدر مملکت

اسلام آباد : صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ سیاسی صورتحال کومعمول پرلانے کے لیے کوشش ہورہی ہے، اہم تقرری کو آئین اورمتعلقہ قوانین کے تحت ہونا چاہیے۔ یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئی کہی، انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے سیاسی جماعتوں اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو ایک میز پر لایا جائے۔ صدر مملکت نے کہا کہ اہم تقرری کو آئین اور متعلقہ قوانین کے تحت ہونا چاہیے۔ ایسا متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے ہی کیا جاسکتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سیاسی صورتحال کو معمول پر لانا ملک میں معاشی اور مالی استحکام کے لیے نہایت ضروری ہے۔ ارشد شریف شہید کے خط کے حوالے سے صدر مملکت نے کہا کہ ضروری کارروائی کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کو خط ارسال کیا تھا۔ مزید پڑھیں : آرمی چیف کی تعیناتی آئین کے مطابق ہوگی، وزیراعظم شہباز شریف کا اعلان قبل ازیں گزشتہ دنوں وزیراعظم شہباز شریف نے اعلان کیا تھا کہ آرمی چیف کی تعیناتی آئینی معاملہ ہے جو آئین کے مطابق ہی طے ہوگا۔ واضح رہے کہ وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھی گزشتہ روز تصدیق کی تھی کہ لندن میں شہباز شریف اور نواز شریف کے درمیان ملاقات میں نئے آرمی چیف کی تعیناتی پر مشاورت ضرور ہوئی تھی لیکن آرمی چیف کی تعیناتی کا فیصلہ آئینی عمل کے آغاز کے بعد اتحادی جماعتوں کی مشاورت سے ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں