فلمی نقاد کمال راشد نے سلمان خان سے معافی مانگ لی

ممبئی بھارت کے متنازعہ فلمی نقاد کمال راشد خان (کے آر کے) نے اداکار سلمان خان سے معافی مانگ لی ۔ ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک بیان میں کے آر کے نے کہا کہ وہ میڈیا کے تمام لوگوں کو بتانا چاہتے ہیں کہ جیسا انہوں نے سوچا ویسا نہیں ہے، سلمان خان ان کی گرفتاری کے پیچھے نہیں تھے، ” بھائی جان، میں نے آپ کو غلط سمجھا جس پر مجھے سخت شرمندگی ہے اور اگر میں نے آپ کو تکلیف پہنچائی ہے تو میں آپ سے معافی مانگتا ہوں۔” کے آر کے نے اعلان کیا کہ وہ رضا کارانہ طور پر یہ فیصلہ کر رہے ہیں کہ آئندہ سلمان خان کی فلموں کو ریویو نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ بہت سے لوگ سمجھتے ہیں کہ میری گرفتاری کے پیچھے کرن جوہر کا ہاتھ ہے، میں ایک بار پھر واضح کردوں کہ میری گرفتاری میں کرن جوہر کا بھی کوئی کردار نہیں تھا۔ خیال رہے کہ کمال راشد خان کو رواں برس اگست میں ممبئی ایئر پورٹ سے اس وقت گرفتار کرلیا گیا تھا جب وہ بیرون ملک سے واپس ہندوستان پہنچے تھے۔ انہیں دو سال پرانے ٹویٹ کے معاملے میں گرفتار کیا گیا تھا جو انہوں نے اداکار عرفان خان اور رشی کپور کے بارے میں کیے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں